نیویارک (جیوڈیسک) ہالی ووڈ کے آنجہانی اداکار پال والکر کی بیٹی نے اپنے والد کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ان کے نام سے ایک فائونڈیشن قائم کی ہے جس کے تحت سمندری سائنس میں دلچسپی لینے والے طلبہ کو سکالرشپس دی جائیں گی۔
واضع رہے کہ آنجہانی پال والکر سمندروں اور آبی حیات کے بارے میں کچھ کرنے کا جذبہ رکھتے تھے لیکن اب ان کی بیٹی ان کے خواب کو آگے بڑھائیں گی۔ پال والکر کی بیالیسوں سالگرہ کے موقع پر اس فائونڈیشن کے قیام کا اعلان کیا گیا ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے میڈو والکر نے بتایا کہ اس تنظیم کا قیام ان کے والد کی سالگرہ کو منانے کا سب سے اچھا طریقہ ہے۔ میرے والد ہمیشہ چاہتے تھے کہ وہ سمندری اور آبی حیات کیلئے کچھ کریں۔
مجھے امید ہے کہ اس تنظیم کے ذریعے ہم ان کے خواب کو حقیقت کی شکل دیں گے۔ میڈو والکر کا کہنا تھا کہ میں آج پال والکر فائونڈیشن کے قیام کا اعلان کرکے انتہائی فخر محسوس کر رہی ہوں۔ خیال رہے کہ ہالی ووڈ کے آنجہانی اداکار پال والکر 30 نومبر 2013ء کو ایک کار حادثے میں ہلاک ہو گئے تھے۔