لاس اینجلس (جیوڈیسک) ہالی ووڈ فلم سیریز ٹوائے لائٹ ساگا سے شہرت پانیوالی اداکارہ کرسٹین سٹیورٹ فرانس کا باوقار سیزر ایوارڈ حاصل کرنے والی پہلی امریکی اداکارہ بن گئیں۔ واضح رہے کہ سیزر ایوارڈ فرانس میں آسکرز ایوارڈ کا ہم پلہ تصور کیا جاتا ہے۔ انہیں فلم ‘کلاؤڈز آف سلز ماریا’ میں جاندار اداکاری پر بہترین معاون اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا۔ سیزر ایوارڈز کی شام فلم ‘ٹمبکٹو’ کے نام رہی۔
جسے بہترین فلم کے ساتھ ساتھ سات دیگر ایوارڈز بھی ملے ، جن میں بہترین ہدایتکار کا ایوارڈ بھی شامل ہے۔ کرسٹین سٹیورٹ نے ایوارڈ لینے کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ فرانس میں لوگ جس قسم کی فلم بناتے ہیں وہ ہالی ووڈ میں بنائی جانے والی فلموں سے بہت مختلف ہوتی ہیں، اسی لیے میں فرانسیسی فلم میں کام کرنے کو ترجیح دیتی ہوں۔ امریکی اداکار شان پین کو فلموں میں ان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں ‘لائف ٹائم اچیومنٹ’ ایوارڈ سے نوازا گیا۔