نیویارک (جیوڈیسک) نیویارک این جی ٹی ہالی ووڈ کی لیجنڈری اداکارہ الزبتھ ٹیلرکی پہلی شادی کا عروسی جوڑا نیلامی کے لیے پیش کردیا گیا ہے۔ 1950 میں فقط 18 سال کی عمرمیں کا نراڈ ہلٹن کی دلہن بننے والی الزبتھ کا یہ عروسی جوڑا معروف نیلام گھر کرسٹیز کے تحت لندن میں نیلامی پر رکھا گیا ہے۔
تاریخی اہمیت کا حامل یہ شاندار عروسی جوڑا الزبتھ کیساتھ کئی فلموں کا کنٹریکٹ کرنے والے ایم جی ایم اسٹوڈیوز کی طرف تحفے کی طور پر دیا گیا تھا جسے لیجنڈری کا سٹیوم ڈیزائنر ہیلن روز نے ڈیزائن کیا تھا۔ 23 میٹر سفید ساٹن سے تیار کیے گئے اس نفیس عروسی جوڑے کی 14 میٹر لمبی ٹیل رکھی گئی تھی جبکہ چہرے کو ڈھانپنے کے لیے چمکتے دمکتے سلک سے بنی 9 میٹر لمبی جالی کو موتیوں جڑی تاج نما ٹوپی سے جوڑا گیا تھا۔
700 مہمانوں کی موجودگی میں اس سال کا سب سے بڑا ایونٹ مانی جانے والی اس شادی کے عروسی جوڑے کی منفرد ڈیزائننگ اور تیاری کے لیے15 خواتین پر مشتمل ٹیم کو تقریبا دو سے تین ماہ لگے تھے۔ 26 جون کو ہونے والی کرسٹیز کی پاپ کلچر سیل میں نیلامی کے لیے رکھے گئے اس عروسی جوڑے کی 50 ہزار پانڈ تک میں نیلام ہوجانے کی توقع ظاہر کی جارہی ہیں۔