لاس اینجلس (جیوڈیسک) مافوق الفطرت صلاحیتوں کے حامل سپر ہیروز کے کارناموں پر مشتمل کہانیوں اور فلموں کو دنیا بھر میں پسند کیا جاتا ہے اور اب بڑے پردے پر پاکستانی نژاد امریکی سپر ہیرو لڑکی کمالہ خان المعروف مس مارول کو لانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔
امریکی کامک سپر ہیروز کی صف میں شامل پاکستانی نژاد کردار مس مارول کو بڑی اسکرین پر لانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں، کمالہ خان المعروف مس مارول کے حوالے سے ایک ٹی وی شو میں بھارتی نژاد اداکارہ منڈی کالنگ نے کہا کہ مس مارول ایک نوعمر پاکستانی نژاد امریکی لڑکی ہے، جو پہلی سپر ہیرو ہے، بنیادی طور پر مجھے یہ کردار بہت پسند ہے، میں نے بڑے پردے کی زینت بنانے کے لئے اسے تخلیق کرنے والے ادارے مارول سے بات بھی کی ہے اور وہ بھی اس حوالے سے بہت پرجوش ہیں۔
فلم میں مس مارول کے کردار کے لیے موزوں اداکار کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر منڈی کالنگ کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے کسی کو بھی نہیں معلوم کہ یہ کردار کون ادا کرے گا، لیکن میری اس حوالے سے برطانوی نژاد اداکار رز احمد سے بھی بات ہوئی ہے اور وہ بھی اس سلسلے میں کافی پرجوش ہیں، اس کے علاوہ دیگر ’دیسی‘ اداکار بھی خاصی دلچسپی رکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکا میں سپر ہیرو کامک بکس میں پہلی مرتبہ 2012 میں مس مارول کا کردار تخلیق کیا گیا تھا، جو عام زندگی میں پاکستانی نژاد امریکی کمالہ خان ہوتی ہے لیکن اس کے ساتھ ہی کئی مافوق الفطرت صلاحیتوں کی بھی حامل ہوتی ہے، کمالہ خان کو معروف سپر ہیرو کردار کیپٹن مارول سے متاثر دکھایا گیا ہے، اسی مناسبت سے مس مارول کا نام دیا گیا ہے۔