راولپنڈی (جیوڈیسک) حکومت پنجاب نے راولپنڈی کے ہولی فیملی ہسپتال میں ایبولا، ڈینگی اور خسرہ سمیت دیگر امراض کے مریضوں کیلئے خصوصی آئیسولیشن وارڈز کے قیام کیلئے 6 کروڑ روپے کے خصوصی فنڈز جاری کر دیئے جن میں مجموعی طور پر 3 کروڑ 59 لاکھ روپے کے جدیدآلات خریدے جائیں گے۔ ذرائع سے معلوم ہواہے کہ حکومت پنجاب کی طرف سے لاہور کے میو ہسپتال اور ہولی فیملی ہسپتال میں ایبولااورڈینگی وائرس سمیت تمام وائرل انفیکشن سے متاثرہ مریضوں کے علاج معالجہ کیلئے خصوصی وارڈز کے قیام کا فیصلہ کیا گیا جس پر ہولی فیملی ہسپتال میں اس خصوصی آئیسولیشن وارڈ کے قیام کیلئے 6 کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ جاری کردی گئی
جس میں سے 1 کروڑ 69 لاکھ 25 ہزار روپے سے جدیدآلات کی خریداری کیلئے ٹینڈرز بھجوا دیئے گئے، ان آلات میں 30 لاکھ روپے سے دوالٹر اسائونڈمشینیں، 90 لاکھ روپے سے ایک ایکسرے مشین بمعہ سی آرسسٹم، 10 لاکھ روپے سے بارہ پیرا میٹر کے ہیماٹالوجی اینالائزر، 5 لاکھ روپے سے دو مائیکرو سکوپ بینوسولر، 30 لاکھ روپے سے دوآٹو پروسیسر کٹس، 2 لاکھ روپے سے دوسینیٹری فیوج مشینیں 25 ہزار روپے سے ایک ای ٹی سی مشین اور 2 لاکھ روپے مالیت کے دوواٹر باتھ شامل ہیں جن کی ٹینڈر بھجوا دیئے گئے دیگر جدیدآلات اور حفاظتی سامان کی خریداری کیلئے فہرستوں کی تیاری شروع کردی گئی جس پر 3 کروڑ 59 لاکھ روپے کی لاگت آئے گی، ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ اس آئیسولیشن وارڈکو دنیا کا جدید ترین وارڈ بنایا جائے گا۔