مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ مشرف قومی مجرم ہے
Posted on June 8, 2013 By Noman Webmaster لاہور
لاہور : مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ مشرف قومی مجرم ہے کسی فرد کے معاف کرنے سے اسے معافی نہیں ملنی چاہیے۔کسی بھی طالع آزما کو نشان عبرت بنانے کا اس سے بہتر اور موقع نہیں ہو سکتا۔ جامعہ ابراہیمیہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا۔
آئین کو بازیچہ اطفال بنانے اور جمہوریت کے ساتھ کھلواڑ کرنے والوں کے لیے معافی کا کوئی دروازہ نہیں کھولنا چاہیے۔ انصاف کا تو یہی تقاضا ہے کہ مشرف کیخلاف زیر سماعت مقدمات کا عدالتوں میں فیصلہ ہونے دیا جائے اور اس وقت تک انہیں قانونی کی تحویل میں رکھا جائے۔ اس سلسلہ میں نئے حکمرانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ مشرف کے مقدمات میں قانون و انصاف کے تقاضے پورے کرنے کیلئے متعلقہ عدالتوں کی معاونت کریں۔
عدالتیں مشرف کے مقدمات میں جو بھی فیصلہ کرینگی اسے لاگو کرنا بھی حکومتی مشینری کی ذمہ داری ہے۔ نومنتخب وزیراعظم میاں نواز شریف اور نومنتخب وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے اقتدار سنبھالتے ہی ملکی تعمیر وترقی کے لیے جن عزائم کا اظہار کیا ہے اگر ان پر عمل ہو گیا تو کافی حدتک عوام کو ریلیف مل سکتاہے۔
اصل بات نیت کی درستگی کی ہوتی ہے دونوں بھائیوں کے نیت کے خالص ہونے میں کوئی شک نہیں ہے۔ مرکزی جمعیت اہل حدیث نومنتخب حکومت کے ایجنڈے کو مکمل سپورٹ کرتی ہے اور ہر بحران کے حل میں ممدو معاون بنے گی۔