گوجرانوالہ (اصل میڈیا ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہےکہ وہ کہیں نہیں جائیں گی اور انہیں پاکستان میں رہی رہنا ہے اگر ان کے گھر آکر بھی کوئی پیشکش کرے تب بھی پاکستان سے باہر نہیں جائیں گی۔
گوجرانوالہ میں گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ حکمران جماعت کیخلاف ہر صوبے سے لوگ کھڑے ہوگئے جس طرح سے انہوں نے ٹکٹ تقسیم کیے ہیں، یہ تو کہتے تھے کہ بائیس سال سے جدوجہد کررہےہیں، بائیس سال سے کوئی ایسا شخص ملا جس کو ٹکٹ دےسکیں، عمران خان دوسری جماعتوں پر الزامات لگاتے ہیں، خود کروڑپتی اور ارب پتی لوگوں کو ٹکٹ دیے۔
انہوں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار ہیں، ہماری کوشش پوری ہےکہ سینیٹ میں اچھے لوگ آئیں، ن لیگ میں سب کارکنوں کو ٹکٹ ملے اور پارٹی نے ان کو ٹکٹ دیا جن کی سیاسی جدوجہدہے، میاں صاحب نے کسی ارب پتی کو ٹکٹ جاری نہیں کیا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کو توڑنے کےخواب دیکھنے والے جلد خود ٹوٹ جائیں گے، اپوزیشن آج کم بات کررہی ہے اور ان کی اپنی جماعت زیادہ بول رہی ہے جب کہ جو حالات میں دیکھ رہی ہوں، یہ نہ ہو کہ سینیٹ انتخابات کے دوران ہی تحریک عدم اعتماد آجائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں اس حکومت سے کوئی درخواست نہیں کروں گی کہ میرا نام ای سی ایل سے نکالے ،مریم باہر نہیں جائے گی، آپ کو جانا پڑے گا، میری چھوٹی سے سرجری ہونی ہے جو پاکستان میں نہیں ہوسکتی، مجھے کہیں نہیں جانا ، پاکستان میں ہی رہنا ہے ، میرے گھر پر آ کر بھی کوئی پیشکش کرے تو پاکستان باہر نہیں جاؤں گی۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ عوام پر مسلط کیے جانے والے لوگوں کا راستہ روکنا ہو گا، ملک کے ہر صوبے سے لوگ مہنگائی کے طوفان کیخلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں، مجھے بیوروکریسی اور سرکاری ملازمین پر ترس آتا ہے۔