کراچی: حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری کا عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کرکے عوام سے ملاقات کی اور علاقائی مسائل و بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے انتظامات کا معائنہ کیا اس موقع پر انہوں نے شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں میں مرکزی شاہراہوں اور چوراہوں پر ٹریفک کی روانی کے حوالے سے تعطل کی عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے بلدیاتی محکموں کو ہدایت کی کہ ٹریفک کی روانی کو بہتر بنا نے کے لئے سڑکوں اور فٹ پاتھوں سے تجاوزات اور رکاوٹوں کا فی الفور خاتمہ کیا جائے۔
عوام کی جانب سے شمع شاپنگ سینٹر چوک اور شاہ فیصل کالونی نمبر 1 اور 3 مین بازار روڈ پر قائم غیر قانونی ٹیکسی و رکشہ اسٹینڈز کی جانب سے توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ ٹریفک کی روانی کو متاثر کرنے میں غیر قانونی وہیکل اسٹینڈز ذمہ دار ہے لہذا سڑکوں اور بازاروں سے اس کا خاتمہ کیا جائے اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے متعلقہ بلدیاتی ذمہ دران کو ہدایت کی کہ عوامی مشکلات کا سد با ب کیا جائے ٹریفک کی روانی کو تمام علاقوں میں بہتری کے لئے اہم شاہراہوں سمیت چورنگیوں اور چوراہوں کے اطراف سے تجاوزات اور غیر قانونی اسٹینڈز کا فوری خاتمہ یقینی بنا یا جائے۔
اس موقع پر علاقائی دورے پر مختلف علاقوں میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہاکہ حق پرست قیادت علاقائی ترقی اور عوام کو مشکلات سے نجات دلا نے کے لئے اقدامات کررہی ہے انہوں نے عوام کو یقین دلا یا کہ بلدیاتی مسائل کے حل کے حوالے سے بلدیاتی اداروں سے ہر ممکن تعاون کو یقینی بنا یا جارہا ہے اس موقع پر موجود بلدیاتی افسران کو ہدایت کی کہ علاقائی مسائل کے حوالے سے عوام کو درپیش شکایات کا فوری ازالہ ممکن بنا یا جائے۔