واشنگٹن (جیوڈیسک) سابق ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن نے کہا ہے کہ انتخابات میں شکست کے بعد گزشتہ ہفتے وہ گھر میں مقید ہوکر رہ گئی تھیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتے کے دوران ان کا دل چاہتا تھا کہ وہ اپنے کتے کو لے کر ایک کتاب کے ساتھ بیٹھ جائیں اور گھر سے کبھی بھی باہر نا نکلیں۔
ایک ہفتہ قبل ریپبلکن ڈونلڈ ٹرمپ سے انتخاب میں شکست کے بعد انہوں نے پہلی بار گزشتہ روز واشنگٹن میں کسی عوامی تقریب میں شرکت کی۔
ہیلری نے بچوں کی فلاح سے متعلق ایک خیراتی ادارے کے پروگرام میں شرکت کی جس میں ایسے ان پانچ نوجوانوں کی کوششوں کو سراہا گیا جو مشکلات کے باوجود نا صرف بہت اچھے طالب علم بنے بلکہ وہ ایک شاندار مستقبل کی طرف گامزن ہیں۔
کلنٹن نے یہ تسلیم کیا کہ اس تقریب میں شرکت کرنا اُن کے لیے آسان بات نہیں تھی تاہم، انہوں نے کہا کہ ان پانچ نواجوان مرد و خواتین کو یہ تنظیم خراج تحسین پیش کر رہی ہے جنہوں نے تشدد غربت اور بے یارو مدد گار ہونے کے باوجود حوصلہ نہیں ہارا۔