کراچی : حق پرست رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان نے کہا ہے کہ عوام کو با اختیار بنا ئے بغیر ملکی استحکام کا خواب ادھورا ہے ،66سال بعد بھی آج عوام اختیارات سے محروم ہیں انہوں نے کہاکہ آزادی وطن طویل قربانیوں اور جدو جہد کا ثمر ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری اور میونسپل کمشنر بلدیہ شرقی کمال مصطفی کے ہمراہ شاہ فیصل کالونی میں شاہ فیصل زون بلدیہ شرقی اور ایم کیو ایم شاہ فیصل سیکٹر کے زیر اہتمام جشن آزادی کے سلسلے میں لگائے گئے کیمپ کے دورے پر کیا۔
اس موقع پر حق پرست اراکین اسمبلی نے میونسپل کمشنر اور بلدیاتی افسران کے ہمراہ عوام میں قومی پرچم تقسیم کئے اور عوام کو جشن آزادی کی مبارکباد دی ۔پاکستان کی 66ویں یوم آزادی کے موقع پر شاہ فیصل زون بلدیہ شرقی کی جانب سے عوامی شرکت کے ساتھ جشن آزادی منا نے کا اہتمام کیا تھا شاہ فیصل کالونی کے مساجد ،امام بارگاہوں اور جشن آزادی کے حوالے سے مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کی جانب سے منعقدہ تقریبات میں پاکستان کی ترقی استحکام اور عوامی خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیہ اجتماعات کا بھی انعقاد کیا گیا تھا۔
حق پرست اراکین اسمبلی نے میونسپل کمشنر کے ہمراہ جشن آزادی کے حوالے سے تقریبات میں شرکت کی اس موقع پر رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان نے کہاکہ وطن کی ترقی اور سلامتی کے لئے ہمیں تمام تر اختلافات کا خاتمہ کرکے متحد ہونا ہوگا اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہاکہ دفاع وطن کے لئے قوم متحد ہے وطن کے دفاع اوروطن دشمنوں کے خلاف پاک فوج کے شانہ بشانہ لڑنے کا عزم رکھتی ہے بلدیہ شرقی کے میونسپل کمشنر کمال مصطفی نے کہاکہ پاکستان نے ہمیں پہچان دی نام دیا آئے آج کے دن ہم عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کی ترقی ،سلامتی اور عوامی خوشحالی کے لئے اپنے آپ کو وقف کردیں گے۔