لاہور (جیوڈیسک) پرجوش خوبرو جواں، اقبال کا شاہین ، فلائیٹ آفیسر راشد منہاس شہید جو وطن کی آن بان پر قربان ہو گیا اور رہتی دنیا تک ملک کے نوجوانوں کے لئے مثال بن گيا۔ کم عمری میں نشان حیدر کا اعزاز حاصل کرنے والے راشد منہاس 17 فروری 1951 کو لاہور میں پیدا ہوئے۔
راشد منہاس 1965 کی جنگ میں پاک فضائیہ کے افسران کی شجاعت اور عسکری مہارت سے بے حد متاثر ہوئے جس نے ان کی زندگی کا مقصد متعین کرنے میں اہم کردار ادا کیا ۔ یوں راشد منہاس اقبال کے شاہین کی تصویر بن گئے۔ اسی شوق اور جذبہ حب الوطنی کا اعجاز تھا کہ راشد منہاس نے نا تجربے کاری اور کم عمری کے باوجود اپنے غدار انسٹرکٹر کے سازشی عزائم کو ناکام بنایا۔
20 اگست 1971 کا دن رہتی دنیا کے لیے جرات و بہادری کی مثال بن گیا ۔ راشد منہاس نے غدار کے ہاتھوں بے بس ہونے کے بجائے وطن کی خاک پہ جامِ شہادت نوش کرنے کو ترجیح دی۔ ان کے اس لازوال کارنامے پر انہیں اعلی ترین فوجی اعزاز نشان حیدر سے نوازا گیا ۔ ان کی شہادت نے فضائیہ کے راز بھارت کے ہتھے چڑھنے سے بچا لیے۔