اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد وزیراعظم نے ہدایت کی کہ منصوبے کیلئے پالیسی فریم ورک اگلے مہینے کے آخر تک تیار کر لیا جائے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت سرکاری اور نجی شعبے کی شراکت داری کے ذریعے بے گھر لوگوں کیلئے پانچ لاکھ سستے مکانات تعمیر کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ وہ اسلام آباد میں کم قیمت رہائشی سکیم کا جائزہ لینے کیلئے ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ منصوبے کیلئے پالیسی فریم ورک اگلے مہینے کے آخر تک تیار کرلیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کم لاگت کے مکانوں کی تعمیر سے معیار زندگی بہتر ہوگا اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ نوجوانوں کے پروگرام سے متعلق ایک اور اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے محمد نواز شریف نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو تعلیم وتربیت، روزگار اور وظائف سمیت بہتر مواقع فراہم کرنا چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک کی سب سے بڑی طاقت ہیں اور حکومت ان کیلئے روزگار کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ عوام کی طرف سے اب تک اس پروگرام کے بارے میں تین لاکھ پچاس ہزار تجاویز موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام تجاویز پر مناسب غور کرنا چاہیئے اور نوجوانوں کے پروگرام کے تحت منصوبے جلد از جلد شروع کئے جائیں۔