ہانگ کانگ میں کرنسی وین کو حادثہ، شہریوں نے بکھرے نوٹوں کو اٹھا لیا

Hong Kong

Hong Kong

ہانگ کانگ (جیوڈیسک) ہانگ کانگ میں کرنسی وین کو حادثہ پیش آنے سے نوٹ شاہراہ پر بکھر گئے۔ ہانگ کانگ میں کرنسی نوٹوں کی ایک گاڑی 6 ارب 80 لاکھ روپے لے کر جا رہی تھی کہ اسے حادثہ پیش آ گیا۔ جس سے نوٹوں کے ڈبے گاڑی سے نکل کر شاہراہ پر پھیل گئے۔

حکام کے مطابق 45 کروڑ روپے کے ڈبے کھل گئے تھے اور اس سے نوٹ شاہراہ پر موجود شہریوں نے اٹھا لیے۔ پولیس نے 20 ملین ہانگ کانگ ڈالر واپس جمع کرنے کا دعویٰ کیا جبکہ مزید 15 ملین ہانگ کانگ ڈالر کے حوالے سے معلوم نہ ہو سکا کہ کس کے پاس کتنی رقم ہے۔

حکام کا کہنا تھا کہ ہانگ کانگ میں مختلف بینکوں کو کرنسی نوٹ فراہم کرنے والی وین کو حادثہ پیش آیا تھا۔ حادثے کے بعد ڈرائیور کو یہ احساس نہ ہو سکا کہ وین سے نوٹوں کے متعدد ڈبے سڑک پر گر گئے ہیں۔

شہریوں نے مفت آئے مال کو غنیمت جانا اور ایک ایک نے ٹریفک کو متاثر کرکے پیسے اٹھانے کو ترجیح دی جبکہ پولیس کی آمد سے قبل ہی اکثر شہری سڑک سے محفوظ مقام پر پیسوں سمیت جا چکے تھے۔

پولیس حکام نے کہا کہ سڑک سے چوری ہونے والے نوٹوں کو سیریل نمبر کے ذریعے ڈھونڈ نکالا جائے گا۔