ہانگ کانگ میں پولیس اور جمہوریت کے حامی طلبا میں جھڑپوں کے دوران متعدد افراد زخمی

Hong Kong

Hong Kong

ہانگ کانگ (جیوڈیسک) حقیقی جمہوریت کی بحالی کے لئے جاری طلبا کے احتجاج پر پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا جس کے نتیجے میں متعدد مظاہرین زخمی ہوگئے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ہانگ کانگ میں گزشتہ کئی۔

روز سے جاری طلبا کے احتجاج میں عوام کی بھی بڑی تعداد شامل ہوگئی ہے، ہزاروں مظاہرین شہرکے معاشی حب میں حقیقی جمہوریت کی بحالی کے لئے جمع ہوئے جنہیں منتشر کرنے کے لئے پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ کی جس کے بعد پولیس اور مشتعل افراد کے درمیان جھڑپوں کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق انتظامی معاملات میں مداخلت اور سرکاری عمارتوں میں زبردستی داخلے کے الزام میں 78 افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے اور اگر مظاہرین نے شہر کے مصروف ترین اور صنعتی علاقوں کو فوری طور پر خالی نہ کیا تو سختی سے قانون پر عملدرآمد کیا جائے گا۔

دوسری جانب مظاہرین کا کہنا ہے کہ ملک میں حقیقی جمہوریت کی بحالی کے لئے پرامن احتجاج کیا جارہا تھا جسے پولیس نے تشدد کا رنگ دینے کے لئے شیلنگ کی تاہم انتظامیہ کی کسی کارروائی کے نتیجے میں مظاہرین مشتعل نہیں ہوں گے اور اصل جمہوریت کی بحالی تک جدوجہد جاری رہے گی۔

واضح رہے کہ ہانگ کانگ میں یونیورسٹی طلبا کی جانب سے حقیقی جمہوریت کی بحالی کی لئے شروع کی جانے والی مہم میں طالب علموں سمیت عوام کی بڑی تعداد نے حصہ لینا شروع کر دیا ہے جبکہ چین نے طلبا کی مہم کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اسے انتظامیہ کے کام میں رکاوٹ قرار دیا ہے۔