امریکہ (جیوڈیسک) امریکہ کے اہم اور خفیہ راز افشا کرنے والے ایڈورڈ سنوڈن نے خبردار کیا ہے کہ مزید سچ سامنے آنے والے ہیں اور انہیں کوئی نہیں روک سکتا۔ سنورڈن نے ڈک چینی کے غدار کہنے کے بیان کو بدنام کرنے کی متوقع کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ سابق نائب صدر کی طرف سے غدار کا لقب کسی امریکی کو ملنے والا ایک اعلی ترین اعزاز ہے۔
سنورڈن کا کہنا ہے کہ امریکی انٹیلی جنس سے متعلق تجزیہ کاروں میں یہ صلاحیت ہے کہ وہ بغیر وارنٹ کے امریکی شہریوں کے فون کالز اور اِی میل کی ترسیل کے عمل کو اتفاقیہ قرار دے دیں۔ ایڈورڈ کے والد نے اس سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اب خفیہ معلومات افشا کرنا بند کر دے اور گھر واپس آجائے۔
دوسری جانب چین کی وزارت خارجہ ترجمان نے اس بات کو مسترد کیا ہے کہ سنورڈن نے چین کیلئے جاسوسی کی ہے۔ چینی ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکی عہدیدار نگرانی کی کاروائیوں پر سامنے آنے والی بین الاقوامی تشویش پر دھیان دیں۔ این ایس اے کے بارے میں انکشاف کے بعد کسی چینی عہدیدار کا یہ پہلا بیان ہے۔