دبئی (جیوڈیسک) ایک اور بڑا اعزاز پاکستانی امپائر علیم ڈار کی جھولی میں گرنے کو تیار ہے، وہ ہفتے کو ٹیسٹ میچز کی سنچری مکمل کرنے والے دنیا کے تیسرے امپائر بن جائیں گے، ان کا کہنا ہے کہ اتنی محبت اور سپورٹ نہ ملتی تو یہاں تک پہنچنا ممکن نہ تھا۔
تفصیلات کے مطابق علیم ڈار جب ہفتے سے جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کے درمیان شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ کیلیے میدان میں اتریں گے تو بطور امپائر 100 میچ مکمل ہوجائیں گے، وہ اسٹیو بکنر اور روڈی کوئٹزن کے بعد اس سنگ میل پر پہنچنے والے دنیا کے تیسرے امپائر ہوں گے۔
47 سالہ سابق رائٹ ہینڈ بیٹسمین اور آف اسپنر علیم نے اپنے 12 سالہ پلیئنگ کیریئر میں 17 فرسٹ کلاس میچز کھیلے۔ کھیل سے ریٹائرمنٹ کے بعد انھوں نے بطور امپائر کیریئر کی دوسری اننگز کا آغاز کیا۔
وہ پہلی مرتبہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان گوجرانوالہ میں 2000 میں کھیلے گئے ون ڈے میں بطور امپائر کھڑے ہوئے،پھر تین برس بعد ڈھاکا میں بنگلہ دیش اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ میں امپائرنگ کی، تب سے اب تک وہ 99 ٹیسٹ، 178 ون ڈے اور35 ٹوئنٹی 20 میچز میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔