لندن (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ امید ہے کہ صدر ممنون حسین پاکستان میں آئین وقانون کی حکمرانی، آئین کی بالادستی ،جمہوری نظام کے استحکام اور ملک کے عوام کے اجتماعی مفاد کے لئے اپنے فرائض کو احسن طریقے سے انجام دیں گے۔
ایک بیان میں متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے ممنون حسین کو پاکستان کے صدر مملکت کے منصب پر فائز ہونے پر ایم کیو ایم کے تمام کارکنوں اور عوام کی جانب سے دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
الطاف حسین نے امید ظاہر کی کہ ممنون حسین صدر مملکت کی حیثیت سے پاکستان میں آئین وقانون کی حکمرانی، آئین کی بالادستی، جمہوری نظام کے استحکام اور ملک کے عوام کے اجتماعی مفاد کے لئے اپنے فرائض کو احسن طریقے سے انجام دیں گے اور وفاق پاکستان کے آئینی سربراہ مملکت کی حیثیت سے ملک کی تمام اکائیوں کے ساتھ مساوی سلوک کریں گے۔