اسلام آباد (جیوڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ہمیں پورا یقین ہے کہ سپریم کورٹ سے انصاف ملے گا۔
سپریم کورٹ میں پاناما کیس کی سماعت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ اس وقت اعلی عدلیہ میں پاکستان کا تاریخی کیس زیر سماعت ہے اور ہمیں امید ہے کہ سپریم کورٹ سے ہی انصاف کا علم بلند ہوگا۔
نواز شریف حکومت نے موٹر وے، ایئرپورٹ اور پی ٹی وی کی عمارتوں کو گروی رکھ دیا، ریڈیو کو بھی گروی رکھنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ آج اگر کرپٹ لوگوں کو سزا نہ ملی تو ملک میں کرپشن کا راج ہو جائے گا۔
شیخ رشید احمد نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ نواز شریف حکومت کو ٹرسٹی اور بینیفشری کے درمیان فرق معلوم نہیں اور وہ ان دونوں کے حوالے سے فیصلہ نہیں کر پا رہے لیکن ہمیں امید ہے کہ ہمیں اعلی عدلیہ سے انصاف ملے گا اور کرپٹ حکومت اپنے انجام کو پہنچے گی۔