اسلام آباد (جیوڈیسک) اٹارنی جنرل نے سپریم کورٹ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ امید ہے آج چیف الیکشن کمشنر کی تقرری ہوجائے گی۔ سپریم کورٹ میں چیف الیکشن کمشنر تقرری کیس کی سماعت کے دوران اٹارنی جنرل سلمان اسلم بٹ نے یہ بھی کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے حوالے سے مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔
اور آج شام وزیراعظم اورقائد حزب اختلاف ملاقات کریں گے۔ اس کیس کی سماعت چیف جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ کیس کر رہا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے لئے اٹارنی جنرل کی جانب سے پیر تک مہلت دینے کی استدعا کی گئی ہے اٹارنی جنرل نے کہا کہ عدالت چند روز کی مہلت دے دے۔
عدالت نے کہا کہ مزید مہلت ٹھوس پیش رفت سے مشروط ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ یقین دہانی کرا دیں کہ چیف الیکشن کمشنر کا نام حتمی ہو گا، تو مزید مہلت دے سکتے ہیں۔جسٹس گلزار نے کہا کہ سنا ہے حکومت اس حوالےسے کوئی آئینی ترمیم بھی لانے کا سوچ رہی ہے۔
اٹارنی جنرل نے عدالت سے استدعا کی کہ حکومت سے آج ہی کی یقین دہانی کرانے کے لئے عدالت کچھ دیر کا وقت دے دے۔عدالت نے اٹارنی جنرل کو مجاز اتھارٹی سے ہدایات لینے کے لئے ساڑھے گیارہ بجے تک کی مہلت دے دی۔