کوئٹہ(جیوڈیسک)پولیس ذرائع کے مطابق کوئٹہ میں اتوار کی شب آئی جی بلوچستان مشتاق سکھیرا کے گھر کے قریب ہونے والے خودکش دھماکے میں3پولیس اہلکاروں سمیت 5 افراد جاں بحق اور پولیس اہلکاروں سمیت70افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق کوئٹہ میں زرغون روڈ پر آئی جی بلوچستان مشتاق سکھیرا کے گھر کے قریب خود کش حملہ کیا گیا تھا۔
ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں کچھ افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔دھماکے کی وجہ سے آئی جی مشتاق سکھیرا کا گھر منہدم ہوگیا،تاہم وہ محفوظ رہے بعدازاں انھیں کسی محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق دھماکا بہت شدید تھا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی،دھماکے کے بعد فائرنگ کی بھی آوازیں سنی گئیں ۔ دھماکے کے بعد علاقے کو پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں نے گھیرے میں لے لیا۔