الخدمت ایمان ہسپتال کا قیام تلہ گنگ میں صحت عامہ کی سستی اور معیاری سہولیات کی فراہمی کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ ڈاکٹر مشتاق احمد

Inauguration of Hospital

Inauguration of Hospital

اسلام آباد : الخدمت فاؤنڈیشن کے صحت عامہ پروگرام کے تحت اکنا ریلیف کینیڈا کے تعاون سے تلہ گنگ میں 40بستروں پر مشتمل الخدمت ایمان ہسپتال کا افتتاح کردیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ ہسپتال کی ضروریات کے لئے عطیات جمع کرنے کے لئے ڈونر کانفرنس کا انعقاد بھی کیا گیا۔اس حوالے سے ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی جس میں الخدمت فاؤنڈیشن کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر مشتاق احمد مانگٹ، اکنا ریلیف کینیڈا کے صدر طاہر علوی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر شوکت حسین ، ڈاکٹر حفیظ الرحمن سمیت دیگر ذمہ داران شریک ہوئے۔نقاب کشائی اور ہسپتال کے مختلف حصوں کا دورہ کرنے کے بعد ڈونر کانفرنس کا باقاعدہ آغاز ہوا جس میں تلہ گنگ کے مختلف شعبہ ہائے جات سے تعلق رکھنے والے600 سے زائد افراد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مشتاق احمد مانگٹ نے بتایاکہ الخدمت ایمان ہسپتال کا قیام تلہ گنگ میں صحت عامہ کی سستی اورمعیاری سہولیات کی فراہمی کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ 40بستروں پر مشتمل الخدمت ایمان ہسپتال تلہ گنگ علاقے میں پرائیویٹ سیکٹر میں سب سے بڑا ہسپتال ہے جس میں ایمرجنسی، اِن ڈور ،آؤٹ ڈور، گائنی کی مکمل سہولیات، بچوں کے لئے نرسری اور وارڈ،لیبارٹری،آپریشن تھیٹر،ویکیسی نیشن اور ایمبولینس سروس سمیت دیگر بنیادی ضروریات شامل ہیں۔

طاہر علوی نے شرکا سے خطاب میں کہا کہ الخدمت بااعتماد فلاحی ادارہ ہے جو کہ خالصتاََ دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروفِ عمل ہے۔ سب کو معاشرے کی خدمت کا جذبہ لے کر آگے بڑھنا ہوگا۔عطیات جمع کرنے کا سلسلہ شروع ہوا تو شرکا نے حسبِ توفیق دل کھول کر اپنا اپنا حصہ ڈالاجس کے بعد مجموعی طور پر 78 لاکھ روپے کے عطیات جمع ہوئے۔تقریب سے دیگر مہمانان نے بھی خطاب کیا۔

برائے رابطہ:
ایس ۔اے ۔ شمسی
0333-5243334