کراچی (جیوڈیسک) سائٹ ایریا میں واقع اسٹیل مل میں لوٹ مار کے لیے داخل ہونے والا ملزم سیکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا، پولیس نے واقعے کو مقابلہ قرار دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سائٹ اے کے علاقے میٹروول خیبر چوک پلاٹ نمبر B261 پر قائم رشید سنز اسٹیل مل میں ایک مسلح ملزم لوٹ مار کی نیت سے داخل ہوا جسے دیکھ کر سیکیورٹی گارڈ نے ملزم کو للکارتے ہو ئے روکنے کی کوشش کی جس پر ملزم نے گارڈ پر فائرنگ کردی گارڈ کی جوابی فائرنگ سے ملزم موقع پر ہلاک ہو گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لینے کے بعد اسپتال منتقل کردیا جہاں پر اس کی شناخت عرفان عرف بی بی سی ولد ظہور کے نام سے کی گئی جو کہ باوانی چالی سائٹ کا رہائشی اور پولیس کو متعدد مقدمات میں مطلوب تھا۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم کو پولیس نے بروقت پہنچ کر مقابلے میں ہلاک کیا اور اس کے قبضے سے ایک پستول برآمد کیا ہے۔