جناح اسپتال، سرجیکل بلڈنگ میں سیوریج کا پانی جمع

Sewerage Water

Sewerage Water

کراچی (جیوڈیسک) جناح اسپتال کراچی کی سرجیکل بلڈنگ کے گرائونڈ فلور پر قائم واش روم بند ہونے سے مریضوں اور تیمارداروں کی انتظار گاہ میں سیوریج کا پانی جمع ہو گیا، گندگی اور بدبو سے آنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جس کے باوجود انتظامیہ صفائی کرانے میں ناکام ہوگئی۔ اسپتال ذرائع کے مطابق جناح اسپتال کی مرکزی سرجیکل بلڈنگ جس میں ہڈی وارڈ، نیورو سرجری وارڈ، آپریشن تھیٹر، ناک، کان گلے کے وارڈ سمیت دیگر اہم شعبے قائم ہیں جس کے گرائونڈ فلو پر ایکسرے اور الٹراسائونڈ ٹیسٹ کیے جاتے ہیں جبکہ مختلف او پی ڈیز اور فارمیسی بھی قائم ہے

جس کے نزدیک مریضوں اور ان کے تیمارداروں کے لیے انتظار گاہ موجود ہے جس کا واش روم گزشتہ دو روز سے بند ہونے کی وجہ سے سیوریج کا پانی انتظار گاہ میں جمع ہو گیا ہے۔ بدبو کی وجہ سے وہاں پر مریضوں اور ان کے تیمارداروں کا بیٹھنا اور سونا دشوار ہو گیا ہے، اب وہ دیگر وارڈز کی انتظار گاہوں میں بیٹھنے پر مجبور ہیں

گندگی کی وجہ سے مچھروں کی افزائش میں اضافہ ہورہا ہے جبکہ وہاں سے گزرنے والوں کی مشکلات میں بھی اضافہ ہوگیا ہے جس کے باوجود انتظامیہ ا س پر توجہ نہیں دے رہی۔ اس حوالے سے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صفائی کرالی گئی ہے اور اب وہاں پر مریض اور ان کے تیماردار بیٹھ سکتے ہیں۔