مغویوں کی رہائی، القاعدہ کو کروڑوں ڈالرز ادائیگی کا انکشاف

Dollars

Dollars

نیویارک (جیوڈیسک) یورپی اور دیگر ممالک کی طرف سے اپنے اغواء شدہ شہریوں کی رہائی کیلئے عالمی دہشت گرد تنظیم القاعدہ کو کروڑوں ڈالرز تاوان ادا کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

2008ء سے اب تک القاعدہ اور اس کی دیگر ذیلی تنظیموں کو اغواء برائے تاوان کی مد میں ساڑھے 12 کروڑ ڈالر کی رقم ادا کی گئی۔

القاعدہ کی طرف سے اغوا کئے گئے افراد کی رہائی کے لئے فرانس کی طرف سے 5 کروڑ 81 لاکھ ڈالر، قطر اور عمان نے 2 کروڑ 4 لاکھ ڈالر، سوئٹزرلینڈ نے ایک کروڑ 24 لاکھ ڈالر، سپین نے ایک کروڑ 10 لاکھ ڈالر اور آسٹریا نے 32 لاکھ ڈالر تاوان ادا کیا تاہم القاعدہ کو تاوان کی مد میں 21.4 ملین ڈالر کی ادائیگی کا ذرائع معلوم نہیں کیا جا سکا۔ رپورٹ کے مطابق اس میں سے 9 کروڑ 15 لاکھ ڈالر کی رقم اسلامک مغرب میں القاعدہ کو ادا کی گئی۔

فرانس کے چار شہریوں کی رہائی کے لئے 2010-13ء کے درمیان فرانسیسی سرکاری کمپنی نے 40.4 ملین ڈالر ادا کیا۔ 2010-11ء کے دوران فرانسیسی سرکاری کمپنی نے اپنے ایک شہری ٹوگو اور مڈگاسکر کے ایک ایک شہری کی رہائی کے لئے 17.7 ملین ڈالر ادا کئے۔ 2009ء میں سوئٹزرلینڈ نے اپنے دو شہریوں اور ایک جرمن شہری کی رہائی کے لئے 12.4 ملین ڈالر ادا کئے۔ 2011-12ء میں ایک اٹلی اور دو ہسپانوی شہریوں کی رہائی کے لئے 10.8 ملین ڈالر کی ادائیگی کی گئی تاہم اس تاوان کی ادائیگی کس ملک کی طرف سے کی گئی یہ معلوم نہیں ہو سکا۔ 2009-10ء میں سپین نے اپنے دو شہریوں کی رہائی کیلئے 5.9 ملین ڈالر ادا کئے۔ 2008ء میں آسٹریا نے اپنے دو شہریوں کو القاعدہ کے چنگل سے چھڑانے کے لئے 3.2 ملین ڈالر کی رقم تاوان میں دی۔ 2008ء میں دو کینڈین شہریوں کی رہائی کے لئے 1.1 ملین ڈالر ادا کئے گئے تاہم اس کی ادائیگی کرنے والے کا بھی پتہ نہیں۔ 2011-13ء میں اشباب کو دو ہسپانوی شہریوں کی رہائی کے لئے سپین نے 5.1 ملین ڈالر ادا کیے۔

جزیرہ نما عرب میں القاعدہ کو تاوان کی رقم میں 29.9 ملین ڈالر ادا کئے گئے۔ 2012-13ء میں دو فن لینڈ کے شہریوں، ایک آسڑین اور دو سوئس شہریوں کی رہائی کے لئے قطر اور عمان نے 20.4 ملین ڈالر کی رقم القاعدہ کو دی۔

جبکہ 2011ء میں تین فرانسیسی شہریوں کی رہائی کے لئے9.5 ملین ڈالر کی رقم دی گئی تاہم اس رقم کے ادا کرنے والا معلوم نہیں۔