ٹوکن ٹیکس کی عدم ادائیگی 650 گاڑیوں کے کاغذات ضبط شہریوں اور ایکسائز عملے میں تکرار

Car

Car

لاہور (جیوڈیسک) محکمہ ایکسائز نے گزشتہ روز صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب بھر میں گاڑیوں کے ٹوکن ٹیکس کی وصولی کے لئے جنرل ہو لڈ اپ کیا۔ اس حوالے سے ٹیموں نے لاہور میں ایمپرس روڈ، والٹن، جیل روڈ، لبرٹی، بابو صابو، یتیم خانہ چوک، آزادی چوک، بند روڈ سگیاں، سمن آباد، فیصل ٹاؤن، ٹھوکر نیاز بیگ اور دیگر علاقوں میں ناکے لگائے اور نادہندگان کے خلاف کارروائی کی ، گاڑیوں کی رجسٹریشن بکس اور شناختی کارڈ ضبط کر لئے جبکہ متعدد بغیر رجسٹریشن گاڑیاں بھی پکڑلی گئیں،بعض مقامات پر شہریوں اور ایکسائز عملے کے درمیان تکرار بھی ہوئی۔

ذرائع کے مطابق جنرل ہولڈ اپ کے دوران ٹوکن ٹیکس کی عدم ادائیگی پر 650 سے زائد گاڑیوں کے کا غذات ضبط کر لئے گئے۔ بعض افراد نے گاڑیاں ضبط ہونے پر فوری رجسٹریشن کرا لی اور متعدد نے رجسٹریشن بکس کی واپسی کے لئے موقع پر ہی ٹوکن ٹیکس جمع کرا دیا جس سے محکمہ ایکسائز کو لاکھوں روپے کی آمدن ہوئی ۔ای ٹی اوایکسائز ملک سلیم کے مطابق روزانہ کی بنیادپربھی دوٹیمیں گاڑیوں کے ٹوکن ٹیکس چیک کرنے کیلئے تشکیل دیدی گئی ہیں۔