کراچی (جیوڈیسک) معروف لوک گلوکارہ عابدہ پروین نے تعلیمی ادارے کے سالانہ فنکشن میں لائیو پرفارم کرنے کیلئے 45 لاکھ روپے معاوضہ مانگ لیا ہے۔ ذرائع نے انکشاف کیا کہ مذکورہ ادارے کے طلبہ سالانہ میوزک ایوننگ تقریب میں گلوکارہ عابدہ پروین کو لائیو سننا چاہتے تھے۔ جب ان سے آرگنائزر نے رابطہ کیا تو ان کی ڈیمانڈ سن کر ان کے ہوش اڑ گئے۔
واضح رہے کہ اسی تعلیمی ادارے میں ان کی بیٹی بھی زیر تعلیم ہیں تاہم اس کے باوجود انہوں نے کراچی آ کر پرفارم کرنے کیلئے فائیو سٹار ہوٹل میں اپنے ہمنوائوں کے ساتھ تین روز کا قیام و طعام اور ہوائی سفر کے ٹکٹس بھی مانگے ہیں۔ ذرائع نے انکشاف کیا کہ شو میں ان کو صرف دو گھنٹے پرفارم کرنا ہے۔
اس کے بعد وہ فارغ ہیں۔ گلوکارہ کی خواہش ہے کہ وہ اس دوران مختلف نجی چینلز کے مارننگ شوز میں بھی شرکت کریں اور ان کے خصوصی شوز بھی ریکارڈز کرا سکیں۔ ایک بھیدی نے انکشاف کیا کہ اکثر فنکار ایک ٹکٹ میں دو مزے لیتے ہیں۔ میوزک کنسرٹ اور شوز میں شرکت کرنے کیلئے بیک وقت کئی اداروں سے مراعات حاصل کرتے ہیں۔
تمام معاوضے نقد کی بنیاد پر وصول کرکے انکم ٹیکس میں بھی چھوٹ حاصل کر لیتے ہیں۔