جیکب آباد (جیوڈیسک) سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ خان جمالی نے کہا ہے کہ ملک کو اس وقت یکجہتی کی ضرورت ہے، دھرنوں سے کوئی تبدیلی نہیں آنے والی، مڈٹرم انتخابات کی باتیں کرنے والوں کو گھر میں کھانا بھی نصیب نہیں ہے، عوام کے غلط ووٹ کے باعث سارا کچرا اسمبلی میں جمع ہوجاتا ہے پھر دھرنوں کی صورت میں ناچ گانے شروع ہوجاتے ہیں، پاک فوج قوم کے بہتر مستقبل کے لئے جانوں کے نذرانے پیش کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیکب آباد میں سید سردار عبداللہ شاہ کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت میں چوہدری نثار اپوزیشن لیڈر تھے، آج وہ وزیر داخلہ ہیں اور خورشید شاہ اپوزیشن لیڈر ہیں، یہ ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں، پاکستانیوں کے پاس اتنا پیسہ ہے کہ اگر وہ ملک میں لایا جائے تو میں دعوے کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ 14 سال کیلئے ایک ڈالر قرضہ لینے کی ضرورت نہیں پڑیگی اور ہم اپنا بجٹ خود بناسکیں گے، ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پہلے ناچ گانے محلات میں ہوا کرتے تھے آج کھلے عام ہو رہے ہیں جن کو احتجاج کہا جارہا ہے، ایسے احتجاجوں سے تبدیلی نہیں بلکہ بے حیائی بڑھتی ہے،ظفر اللہ جمالی نے مزید کہا کہ احتساب سب کا ہونا چاہیے، یہاں سب سیاست کرسی کیلئے ہے جبکہ ملک کو لیڈرشپ کی ضرورت ہے مگر لیڈر کوئی نہیں۔