بوسٹن (جیوڈیسک) بوسٹن میں امریکی وزیر خارجہ کے گھر کے باہر برف جمع ہونے پر شہری انتظامیہ نے ان پر 50 ڈالر جرمانہ کر دیا۔ اس ہفتے کے شروع میں بوسٹن میں2 فٹ سے زائد برف پڑی۔
شہر کے مئیر مارٹن والش نے اعلان کیا کہ مکانات اور دکانوں کے باہر اگر برف کے ڈھیر دکھائی دیئے تو مالکان کو جرمانہ ادا کرنا ہو گا۔
اس دوران امریکی وزیر خارجہ جان کیری صدر اوباما کے ساتھ سعودی عرب میں تھے، برف ہٹانے والے ادارے کے اہلکار جان کیری کے گھر کے سامنے سے برف صاف کرنے پہنچے، لیکن کچھ غلط فہمی کی وجہ سے وہ بروقت برف صاف نہ کر سکے۔
تاہم جب تک انہوں نے برف صاف کی، اس وقت تک جان کیری کو50 ڈالر جرمانہ ہو چکا تھا۔ جان کیری کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ نے بہ خوشی جرمانہ ادا کرنے پر رضا مندی ظاہر کی ہے۔