اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے ایوان میں وزیراعظم عمران خان کے لیے ’سلیکٹڈ‘ کا لفظ استعمال کرنے پر پابندی عائد کردی۔
قومی اسمبلی میں بجٹ سیشن کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی زیرصدارت ہوا جس میں وفاقی وزیر عمرایوب خان نے تحریک استحقاق پیش کی۔
عمر ایوب خان نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ ہم حکومتی بینچوں سے تحریک استحقاق پیش کرنا چاہتے ہیں، وزیراعظم کو سلیکٹڈ کے نام سے پکارا جاتا ہے جس سے ہمارا استحقاق مجروح ہوا ہے۔
اس تحریک پر ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے ایوان میں وزیراعظم کے لیے سلیکٹڈ کا لفظ استعمال کرنے پر پابندی لگاتے ہوئے کہا کہ جو بھی اس ہاؤس کا ممبر ہے وہ ووٹ لے کر آیا ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ آئندہ کوئی بھی یہ لفظ ایوان میں استعمال نہ کرے۔
یاد رہے کہ ایوان میں وزیراعظم عمران خان کے لیے اپوزیشن کی جانب سے سلیکٹڈ کا لفظ استعمال کیا جاتا ہے۔