امریکہ (جیوڈیسک) امریکہ ایوانِ نمائندگان کے سپیکر اور رپبلکن جماعت کے ملک میں سب سے اعلیٰ عہدے پر فائز رہنما پال رائن نے کہا ہے کہ خواتین سے دست درازی سے متعلق بیان سامنے آنے کے بعد وہ اپنی جماعت کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کا دفاع نہیں کریں گے۔
چند دن پہلے ڈونلڈ ٹرمپ کی خواتین کے بارے میں نازیبا گفتگو کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد وہ شدید مشکلات میں ہیں اور رپبلکن پارٹی کے ایک درجن کے قریب سینیئر رہنماؤں نے کہا ہے کہ وہ ٹرمپ کو ووٹ نہیں دیں گے۔
امریکی ایوانِ نمائندگان کے سپیکر پال رائن نے کہا کہ ان کی توجہ کانگریس میں اپنی جماعت کی نشستیں بچانے پر مرکوز ہو گی تاہم وہ جماعت کی جانب سے نامزد صدارتی امیدوار کی توثیق ختم نہیں کریں گے۔
ذرائع کے مطابق پال رائن نے کہا ہے کہ’وہ اپنی تمام توانائی اس بات کو یقینی بنانے پر صرف کریں گے کہ ہلیری کلنٹن کو ڈیموکریٹ اکثریتی کانگریس کا بلینک چیک نہ ملے۔
انھوں نے اپنے ساتھی رہنماؤں سے کہا ہے کہ وہ اپنے حلقوں میں وہ سب کریں جو ان کے لیے بہترین ہو۔
پال رائن کے اس بیان کے بعد صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ پال رائن کو ان سے لڑائی میں اپنا وقت ضائع نہیں کرنا چاہیے۔ ٹرمپ کے خواتین کے بارے میں بیان پر ان کے جماعت کے رہنماؤں کی جانب سے مذمت کی گئی ہے۔
اس سے پہلے امریکہ میں صدارتی امیدواروں ہلیری کلنٹن اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان دوسرا مباحثہ واشنگٹن یونیورسٹی میں ہوا جس میں ہلیری کلنٹن کی ای میلز، شام و عراق کے متعلق امریکی پالیسی،امریکی معیشت اور ذاتی کردار پر بات چیت کی گئی۔
مباحثے میں رپبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خلاف خواتین سے دست درازی کرنے کے الزام پر اپنی مخالف امیدوار ہلیری کلنٹن اور ان کے خاوند، سابق صدر بِل کلنٹن کے خلاف زبردست جوابی حملہ کیا ہے۔
انھوں نے خواتین پر جنسی حملے کرنے الزام کی تردید کی اور ساتھ ہی سابق صدر بِل کلنٹن کے خلاف تند و تیز الزامات کی بارش کر دی۔
انھوں نے کہا کہ ‘سیاست کی تاریخ میں کبھی بھی کوئی ایسا شخص نہیں گزرا جو خواتین کے خلاف اتنی گندی زبان استعمال کرتا ہو۔’
ہلیری کلنٹن نے اپنے خاوند کے بارے میں ان کے الزامات کے بارے میں بات کرنے سے اجتناب کیا۔
ٹرمپ نے بِل کلنٹن کے خلاف الزامات کا سلسلہ تب شروع کیا جب مباحثے کے میزبان اینڈرسن کُوپر نے ان کی توجہ 2005 میں ریکارڈ کی گئی وڈیو کی جانب دلائی جس میں وہ خواتین سے دست درازی کے بارے میں ڈینگیں مار رہے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے ان باتوں کو ‘خالی خولی الفاظ’ اور ‘لاکر روم میں ہونے والی گفتگو’ قرار دیا۔ امریکہ میں صدارتی امیدواروں ہلیری کلنٹن اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان دوسرا مباحثہ واشنگٹن یونیورسٹی میں ہوا۔
ڈونلڈ ٹرمپ پر عورتوں کے بارے میں نازیبا گفتگو کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد سے تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔ ریپلکن پارٹی کے سینیئر رہنماؤں نے خواتین کے بارے میں صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے نازیبا بیانات کی مذمت کی ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ بیان سنہ 2005 کا ہے جس کی ویڈیو امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے حال ہی میں جاری کی ہے۔
اس ویڈیو ٹیپ میں ڈونلڈ ٹرمپ ٹی وی کے میزبان بلی بش کو یہ کہتے ہوئے سنے جا سکتے ہیں کہ ‘اگر آپ سٹار ہیں تو’ خواتین کے ساتھ ‘آپ کچھ بھی کر سکتے ہیں۔’
بعد میں معذرتی ویڈیو میں ٹرمپ نے کہا: ‘میں نے ایسی باتیں کہی اور کی ہیں جن پر مجھے افسوس ہے۔ جو کوئی مجھے جانتا ہے اسے معلوم ہے کہ یہ الفاظ میری شخصیت کی عکاسی نہیں کرتے۔ میں نے یہ باتیں کہی ہیں، میں غلط تھا اور میں معافی مانگتا ہوں۔’