رسولِ رحمت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت طیبہ کا ہر پہلو درخشندہ

Islam

Islam

تحریر ! نعمان قادر مصطفائی
آج پورے عالم اسلام میں رسول ِ رحمت ،پیغمبر انسانیت ،رُوحِ ایماں ، جانِ ایماں ، شانِ کائنات ،مقصودِ کائنات ،فخرِ موجودات ،سراپا نور کے پیکر میں ڈھلے ”نُور علی نُور ”حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت با سعادت کی خوشی منائی جا رہی ہے آج عجب سماں ہے ،چڑیاں چہچہا رہی ہیں ، بہا ریں مسکرا رہی ہیں ،کلیاں کھِل رہی ہیں،شگوفے پھوٹ رہے ہیں،کوئل کُو کُو کر رہی ہے ،آبشاروں کے ترنم سے ”خوشیاں منائو کملی والا آگیا ”کے نغمے بہار بن کر کائنات میں جلوے بکھیر رہے ہیں ،ہر طرف نور کی شعاعیں انوار و تجلیات کا منظر پیش کر رہی ہیں ،کائنات کا ذرہ ذرہ، صحرا صحرا،قطرہ قطرہ ،قُلزم قُلزم رسول رحمت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کی خوشی میں جھوم جھوم رہا ہے، چرند پرند ،حجر و شجر ،پھول و کلیاں ،چاند و چاندنی ، سورج و کرنیں ، ستارے و سیارے ، دریا و صحرا ، کھیت و کھلیان ،زمین و زماں ، مکین و مکاں ، الفاظ و حروف سمیت اس کائنات میں سوائے ابلیس کے آج سبھی تو خوشیاں منا رہے ہیں،خوشیاں کیوں ناں منائیں ؟

12ربیع الاول کو اس کریم ہستی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اس کائنات کو شرف بخشا جس کے پاکیزہ و مُصفیٰ توسل سے ذلت و رسوائی کی اتھاہ گہرائی میں گری اور فرسودہ رسم و رواج کے شکنجوں میں جکڑی عورت کو شرف و عزت اور آزادی نصیب ہوئی ،12ربیع الاول بیٹی کو باپ کی شفقت کا سایہ، بہن کو بھائی کی چھتر چھائوں ،بیوی کو شوہر کی طرف سے حفاظت کی چادر ،ماں کو ”اَلَجنةُ تحتَ اَقدامِ الاُمھَات” کا مژدہ جاں فزا،اُستاذ کو ”اِنَما بُعثِتُ مُعَلمَاََ”کی خوشخبری اور غلام کو آزادی کا پروانہ نصیب ہوا ،آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت سے قبل عورت کو پائوں کی جوتی اور نفرت و گھن کی علامت تصور کیا جاتا تھامگر جونہی 12ربیع الاول کی پاکیزہ ، شفاف ، شبنمی ،اُجلی ، نکھری ، لطیف و نظیف اور محبت و شفقت کے پیکر میں ڈھلی صُبح صادق طلوع ہوئی تو اس کے ساتھ ہی ہر طرف ظلم و تشدد ، جہالت و گمراہی ،کثافت و غلاظت ، نفرت و تعصب کا سورج ہمیشہ ہمیشہ کے لیے غروب ہو گیا، 12ربیع الاول کی وہ سہانی صُبح کی بابرکت اور با رحمت گھڑی جس صُبح چمکا طیبہ کا چاند ،اُن دل افروز ساعتوں پہ لا کھوں ،کروڑوں ، اربوں نہیں بلکہ کھربوں درودو سلام کے نذرانے اور عقیدت و محبت کے پھول نچھاور کرنے کو دل کرتا ہے

کیونکہ رسول رحمت نبی کریم ، رئوف رحیم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا وہ پاکیزہ اور کائنات میں سب سے زیادہ قیمتی ترین محل جس میں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت با سعادت ہوئی اُس کو سجدہ کرنے کے لیے اُس دن محرابِ کعبہ کو بھی جھکنا پڑا اور قیصرو کسریٰ کے محلات پہ جگمگاتے کنگرے ،طیبہ طاہرہ مکرمہ محترمہ حضرت بی بی آمنہ رضی اللہ عنہا کے محل سے نکلنے والی نورانی شعاعوں کے سامنے تاب نہ لاتے ہوئے گر پڑے تھے اور ہزاروں سال سے روشن بُت کدہ آناََ فاناََ بُجھ گیا تھا

رسول ِ رحمت حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مبارک آمد سے لسانی ، علاقائی ، نسلی اور قومی چوہدراہٹ کے بُت پاش پاش کر دیئے گئے، افتادہ و پسماندہ
طبقات کو جتنا تحفظ و احترام رسولِ رحمت حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے عطا فرمایا دنیا کے کسی بھی آئین و قانون میں اس کی نظیر نہیں ملتی ،آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت طیبہ کا ہر پہلو روشن ، تابندہ ، رخشندہ ، درخشندہ اور چمکدار نظر آتا ہے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اگر بحیثیت باپ کے پیمانے پر دیکھا جائے تو بیٹی کے ساتھ شفقت و محبت کی اس سے بڑی مثال اور کیا ہوگی کہ جب بھی خاتونِ جنت سیدہ طیبہ طاہرہ حضرت فاطمتہ الزہرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا تشریف لاتیں تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اُن کے استقبا ل کے لیے سرو قد کھڑے ہو جایا کرتے تھے اور عصمت و طہارت کی حامل پیشانی مبارک پر بوسہ دے کر خاتون ِ جنت رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے بیٹھنے کے لیے وہ مبارک چادر ِ تطہیر بچھا دیتے تھے

جس کوربِ ذو الجلال نے”ےَا اَےُھَا المُزمِل ” کے آفاقی خطاب سے نوازاہے
بحیثیت شوہر اگر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت طیبہ کا مطالعہ کیا جائے تو بیوی کے ساتھ محبت کا ایسا پاکیزہ انداز پڑھنے کو ملتا ہے کہ جب کائنات کے مومنین کی ماں حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا جس برتن سے منہ لگا کر پانی نوش فرماتیں تھیں اُسی برتن میں اُسی جگہ سے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بھی اپنا منہ مبارک لگا کر پانی نوش فرماتے تھے بیوی کے ساتھ محبت و شفقت کا ایسا مثالی و عملی نمونہ پیش کر کے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے کائنات پر بسنے والی جمیع انسانیت کو اپنی اپنی بیویوں سے محبت و شفقت کا طریقہ بتا دیا ،بحیثیت بھائی اگر کائنات کے سوہنڑے تے من موہنڑے لجپال نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت طیبہ کے مُصفیٰ تے مُزکیٰ صفحات کی ورق گردانی کی جائے تو ہمیں رسول ِ رحمت حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا اپنی رضاعی بہن جنابِ حضرت شیمارضی اللہ تعالیٰ عنہا سے پیار و محبت کا ایسا انوکھا انداز پڑھنے کو ملتا ہے

جس کو پڑھ کر انسانیت کا سر فخر سے بلند نظر آتا ہے رضاعی بہن سے پیار و احترام کا ایسا پاکیزہ رشتہ انسانیت کو آج تک دیکھنے اور سُننے کو نہیں ملا ، بحیثیت آقا اگر دیکھنا ہو تو حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے اُن دس سالوں کو دیکھا جا سکتا ہے جو رسول ِ رحمت حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شفیق و کریم بارگاہ ِ عظمت میں بسر ہوئے اور حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ ہی فرماتے ہیں کہ” میں نے 10سال اپنے کریم آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خدمت اقدس میں گزارے مگر میرے لجپال کریم و شفیق آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے کبھی بھی مجھے جِھڑ کا تک نہیں اور یہ تک نہیں فرمایا کہ یہ کام کیوں کیا ہے اور یہ نہیں کیا ” یہ تو رسول ِ رحمت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت کے صرف چندنمونے ہیں اگر سیرت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم قلم لکھنا چاہیے تو بالآخر ایک مقام ایسا بھی آتا ہے کہ قلم عاجزی کا اظہار کرتا ہوا نظر آتا ہے کائنات میں جگہ جگہ جو حُسن و جمال کے جلوے نظر آرہے ہیں یہ سب میرے کریم آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نعلین پاک کے مبارک تلوئوں کو چھونے والے ذروں کی خیرات کا صدقہ ہے کیونکہ قلندر لاہور ی ڈاکٹر علامہ محمد اقبال نے فرمایا تھا کہ
ذکر و فکر و علم و عرفانم توئی
کشتی و دریا و طوفانم توئی

Allah

Allah

جس کی اذیت کو رب تعالیٰ اپنی اذیت قرار دے فرمایا ”بے شک جو اذیت دیتے ہیں اللہ اور اُس کے رسول کو اُن پر اللہ کی لعنت ہے دنیا اور آخرت میں اور اللہ نے اُن کے لیے ذلت کا عذاب تیار کر رکھا ہے (سورة الا حزاب ،آیت 57)
جس کی بارگاہ میں حاضری کی سعادت حاصل کرنے کے آداب خود ربِ ذوالجلال کی طرف سے عطاہوئے ہوں کہ ”اے ایمان والو !اپنی آوازیں اونچی نہ کیا کرو اس (غیب بتانے والے ) نبی ۖ کی آواز سے اور نہ ان کے حضور چلا کر نہ کہو ،جیسے آپس
میں ایک دوسرے کے سامنے چلاتے ہو کہ کہیں تمہارے اعمال اکارت نہ ہو جائیں اور تمہیں خبر نہ ہو ”(سورة الحجرات ،آیت ٢)
ادب گاہے زیست آسمان از عرش نازک تر
نفس گُم کردہ می آید جنید و با یزید اینجا
جس کے بارے میں بریلی کے کچے کوٹھے میں ٹوٹی چٹائی پر بیٹھے پکے عقیدے کی حامل شخصیت امام احمد رضا خاں بریلوی نے کیا خوب فرمایا کہ
اللہ کی سرتا بقدم شان ہیں یہ
اِن سا نہیں اِنسان وہ اِنسان ہیں یہ
قرآن تو ایمان بتاتا ہے انہیں
ایمان یہ کہتا ہے میری جان ہیں یہ

وہ شہر مقدس جس کی پابوسی کا شرف عرش بریں بھی حاصل کرنا اپنے لیے اعزاز سمجھتا ہو ،یقیناََ اس شہر کو یہ اعزاز و اکرام قیامت تک ملتا رہے گا کیونکہ اس کی آغوش میں تاقیامت رسولِ رحمت ۖ آرام فرما ہیں ،یہ شہر کبھی ”یثرب”کے نام سے جانا جاتا تھا لیکن رسولِ رحمت،پیغمبر ۖ نے اسے اپنے جلوئوں کی وجہ سے ”مدینة النبی ۖ ” بنا دیا یہی تو وہ مبارک اور مقدس شہر ہے جہاں تعظیم کی خاطر آنکھیں بے اختیار جھُک اور گردنیں بے ساختہ خَم ہوجاتی ہیں ناچیز نے پاکستان بھر میں تبلیغی سفر کیے ہیں ،بلند قامت ،عالیشان ،پر شکوہ عمارات کو قریب سے دیکھا ہے ،ایوانِ صدر بھی گیا ، کئی سو ایکڑ رقبے پر پھیلے وزیر اعظم ہائوس کا وزٹ بھی کیا ہے ،گورنر ہائوس جانے کا بھی اتفاق ہوا ان تمام تر کارپٹڈ اور فرنشڈ عمارات کو عقیدت و محبت سے نہیں دیکھا کیونکہ درِ مصطفے ۖ کے گدا ان تمام چیزوں کو پرِ کاہ کی حیثیت بھی نہیں دیتے
بستر لگا ہو جن کا تیری گلی میں آقا ۖ
تخت سکندری پہ وہ تھو کتے بھی نہیں

مگر جونہی پر خطا نگا ہیں عالم کائنات کے محور و مرکز ”گنبدِ خضراء ”کی سنہری سنہری جالیوں پر پڑتی ہیں تو روح کے دریچوں میں ایک سرشاری سی پیدا ہو جاتی ہے کیونکہ پر شکوہ عمارات میں بچھے اٹلی ، سوئٹرز لینڈ ، ملائیشیا کے کارپٹس کی قیمت اس بوسیدہ چٹائی کے تنکے کے برابر بھی نہیں ہے جہاں پر میرے اور آپ سب کے کریم آقاۖ تشریف فرما رہے ہوں گے لہذا آج کے مقدس اور بابرکت د ن کی مناسبت سے یہ ضروری ہے کہ بحیثیت اُمتی ہماری ہر ہر ادا میں سیرت رسول ۖ کا عکس نظر آنا چاہیے تب جشن ولادت رسول ۖ منانے کا مقصد بھی پورا ہوتا ہے

Nouman Qadir

Nouman Qadir

تحریر ! نعمان قادر مصطفائی