الحدیدہ (جیوڈیسک) سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد نے کہا ہے کہ حوثی ملیشیا نے یمن کے ساحلی شہر الحدیدہ میں گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران میں 19 مرتبہ جنگ بندی سمجھوتے کی خلاف ورزی کی ہے۔
قبل ازیں بدھ ہی کو یمن کی قانونی حکومت نے ایک بیان میں اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ سویڈن میں گذشتہ ماہ طے شدہ جنگ بندی سمجھوتے پر پختہ عزم کے ساتھ عمل درآمد کرائے۔
ایران کے حمایت یافتہ حوثی شیعہ باغیوں نے الحدیدہ شہر اور اس کے نواحی علاقوں میں اس سمجھوتے کی مسلسل خلاف ورزیاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔
انھوں نے جنگ اور قحط سے متاثرہ علاقوں تک انسانی امداد پہنچانے کے لیے راہداریوں کو بھی نہیں کھولا ہے۔وہ سمجھوتے کے مطابق الحدیدہ اور اس کی بندرگاہوں کو خالی کرنے میں پس وپیش سے کام لے رہے ہیں اور وہ اپنے جنگجوؤں کو یمنی سکیورٹی فورسز کی وردیاں پہنا کر دوبارہ تعینات کر رہے ہیں۔