کراچی : معروف مذہبی اسکالر و جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس و شیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہا ہے کہ حرمین شریفین کا تحفظ ایمان کا حصہ ہے، حوثی باغیوں کو شہ دیکر حرمین شریفین کیخلاف کھڑا کیاجارہاہے ، ، حرمین پر حوثیوں کا مزائل حملہ ابراہا کی لشکر کشی کے بعد تاریخ کا بدترین باب ہے، حرمین کا محافظ اللہ ہے سازشیں کرنے والے کبھی کامیاب نہیں ہوسکتے ہیں۔
عقیدت اور عظمت کا تقاضہ ہے کہ ہم اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں اور امت کو اس مسئلے پر ذمہ داری کا احساس دلائیں، برما ، فلسطین وکشمیر میں جاری ظلم بربریت کیخلاف امت مسلمہ کو متحد کرنے کی ضرورت ہے۔
ان خیالات کا اظہار جمعہ کو(ریجنٹ پلازہ ) مقامی ہوٹل میں دفاع حرمین شریفین کے تحت منعقدہ سمینار سے خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے ، سمینار میں تحریک دفاع حرمین شریفین کے بانی شیخ علی محمد ابو تراب ، مشیر مذہبی امور سندھ ڈاکٹر عبدالقیوم سومروجماعت اسلامی کے اسد اللہ بھٹو،حافظ عبدالکریم ، مفتی یوسف قصوری ، مولانا ربنواز حنفی ، مولانا عبدالکریم عابد، قاری اللہ دادحافظ محمد سلفی دیگر بھی شریک تھے۔
مفتی محمدنعیم نے کہاکہ عالمی سطح پر مسلمانوں کیخلاف شدت پسندی اور دہشتگردی کا پروپیگنڈہ کرکے دنیا بھر میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کو چھپایاگیا جس کا نتیجہ یہ ہے کہ ایک طویل عرصہ سے برما کے مسلمانوں کو گاجر مولی کی طرح کچلا جارہاہے سوشل میڈیا کے ذریعے ملنے والی اطلاعات اور تصاویر دیکھ کر دل خون کے آنسو روتاہے کہ برما میں زندہ انسانوں کی کھالیں اتاری جارہی ہیں مگر افسوس مسلمان حکمرانوں رہنماؤں اور عالمی حقوق کی نام نہاد ٹھیکداروں کے کانوں میں جوں تک نہیں رینگتی اور المیہ یہ نام نہاد امن کے تمام ٹھکیدار صرف امت مسلمہ کیخلاف سازشوں میں مصروف نظر آتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ حرمین شریفین عالم اسلام کا وہ واحد مرکز ہے جہاں کوئی تفرقہ بازی نہیں جو تمام مسلمانوں کو متحدہونے کا درس دیتاہے، موجودہ زمانے میں حرمین شریفین کیخلاف عالمی سطحی پر پروپیگنڈے کیے جارہے ہیں حوثی باغیوں کو شہ دیکر انہیں حرمین شریفین کیخلاف کھڑا کیاجارہاہے ، ایک سوال کے جوا ب میں مفتی محمدنعیم نے کہاکہ حرمین پر حوثی باغیوں کی جانب سے مزائل حملہ کیاگیااور اسے سعودی فوج نے ناکام بنایا۔
انہوں نے کہاکہ ابرھا کی لشکر کشی کے بعد حوثیوں کا مزائل حملہ تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے ، امت مسلمہ کے ہر فرد کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ عالمی سطح پر ہونے والے پروپیگنڈوں اور امت مسلمہ پر ڈھائے جانے والے مظالم کیخلاف آواز بلند کرے۔
انہوں نے کہاکہ حرمین کے تحفظ کی ذمہ داری اللہ تعالیٰ نے خود لی ہے اور وہی اس کا محافظ ہے جس نے ابرھاکے لشکر پر ابابیل مسلط کرکے تہس نہیس کردیا تھامگر ہماری عقیدت اور ایمان کا تقاضہ ہے کہ ہم حرمین شریفین کیخلاف ہونے والی ہر سازش سے امت مسلمہ کو آگاہ کریں اور مسلم حکمرانوں کواس مسئلہ کی طرف توجہ دلائیں۔