امریکا (اصل میڈیا ڈیسک) امریکی محکمہ خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ سعودی عرب کی سرحدوں پر ایرانی ہتھیاروں سے حوثیوں کے حملوں کو روکنا ہو گا۔
وزارت خارجہ نے منگل کی شام کہا کہ مارب پر حوثیوں کے حملوں سے ایک ملین یمنی باشندے بے گھر ہوئے ہیں۔ عالمی برادری کو حوثیوں کو یمن میں جنگ سے متاثرہ شہریوں کو امداد میں رکاوٹ پیدا کرنے سے روکنا چاہیئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم یمن میں اقوام متحدہ کے مندوب کی کوششوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔ بیان میں نشاندہی کی کہ حوثیوں کو اقوام متحدہ کی ٹیم کو آزادانہ کام کی اجازت دینا ہوگی تاکہ ملک کو مزید تباہی سے بچایا جا سکے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ سعودی عرب میں جازان کے علاقے میں سول ڈیفنس ڈائریکٹوریٹ کے میڈیا ترجمان محمد بن یحیی الغامدی نے کچھ دن قبل بتایا تھا کہ یمن کے علاقے سے حوثی ملیشیا نے گولہ باری کی تھی جس کے نتیجے میں متعدد شہری زخمی ہو گئے تھے۔
الغامدی نے کہا کہ حوثیوںکی طرف سے کی گئی گولہ باری کے نتیجے میں 5 شہری زخمی ہوگئے تھے جب کہ تین گاڑیاں بھی تباہ ہوئی ہیں۔