ریاض (جیوڈیسک) یمن کے اندر سے حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب کے سرحدی علاقے عسیر پر کی گئی بلا اشتعال گولہ باری کے نتیجے میں ایک سعودی فوجی شہید ہو گیا۔
سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گذشتہ روز مملکت کی جنوبی سرحد سے متصل شہر عسیر میں سرحد پار سے کی گئی گولہ باری کے نتیجے میں سپاہی محمد بن علی الحسین جعفری جام شہادت نوش کر گیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ یمن کے اندر سے ایران نواز حوثی باغیوں کی طرف سے عسیر میں گولہ باری کی گئی۔ اس دوران متعدد گولے ایک فوجی کیمپ کے قریب گرے جس کے نتیجے میں ایک فوجی شہید ہو گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ حوثیوں کی گولہ باری کے نتیجے میں سپاہی محم بن علی جعفری زخمی ہوا۔ اسے اسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی مگر وہ اسپتال پہنچنے سے قبل ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔