صنعاء (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب کی قیادت میں یمن کے لیے تشکیل دیے گئے عرب عسکری اتحاد نے کہا ہے کہ کل منگل کے روز ایرانی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا نے دارالحکومت صنعاء سے عمران اور صعدہ گورنریوں پر دو بیلسٹک میزائل حملے کیے ہیں۔ عرب اتحاد کے ترجمان کرنل پائلٹ ترکی المالکی نے ان حملوں کو جنگ بندی کی صریح خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
عرب اتحاد کے ترجمان نے بتایا کہ ایک میزائل صنعاء سے 121 کلو میٹر دور عمران گورنری میں گرا ہے جب کہ دوسرا بیلسٹک میزائل 148 کلو میٹر دور صعدہ گورنری میں گرا۔
کرنل المالکی کا کہنا تھا کہ حوثی ملیشیا کی طرف سے یمن میں جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے ساتھ ساتھ انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ شہری آبادی پر بیلسٹک میزائل داغنا سیکڑوں شہریوں کی زندگی خطرے میں ڈالنے کی سوچی سمجھی کوشش ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کی طرف سے میزائل حملے 9 اپریل سے جاری جنگ بندی کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ اب تک حوثی ملیشیا جنگ بندی کی 2400 بار خلاف ورزیاں کر چکا ہے۔ اس دوران حوثی باغی ہلکے ہتھیاروں سے لے کر بیلسٹک میزائل جیسے بھاری ہتھیاروں کا کھلے عام استعمال کرچکے ہیں۔
کرنل المالکی نے حوثی ملیشیا کی طرف سے شہریوں کی زندگی خطرے میں ڈالنے کی مجرمانہ کوششوں پر سخت جوابی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔