بدین (عمران عباس) بدین پیپلز پارٹی کو ٹف ٹائم دینے کے لیئے سابق صوبائی وزیر داخلہ اور مسلم لیگ ن سندھ کے صدر کی جانب سے مشترکہ الیکشن ورک، آدھی رات کو کیئے جانے والے ورک میں بدین کے سینکڑوں کارکنان کی شرکت، پیپلزپارٹی، مسلم لیگ ن اور آزاد امیدواروں کی جانب سے ورک کا سلسلہ جاری۔
آنے والی بلدیاتی الیکشن میں ضلع بدین میں پیپلزپارٹی کو ٹف ٹائم دینے کے لیئے مسلم لیگ ن اور مرزا گروپ کی جانب سے اتحاد قائم کرنے کے اعلان کے بعد سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر ذوالفقار مرزا اور مسلم لیگ ن سندھ کے صدر محمد اسماعیل راہو کی جانب سے ضلع بدین کے مختلف شہروں کے جن علاقوں میں جس گروپ کی اکثریت ہے ان علاقوں میں اپنے امیدواروں کو دستبردار کرانے کے سلسلہ جاری ہے گذشتہ روز بدین کے وارڈز میں مسلم لیگ ن کی جانب سے نامز دو امیدواروں احمد خان بھرگڑی اور عبدالغنی انصاری نے مرزا گروپ کے حمایتوں اعجاز خواجہ اور غلام حسین سومرو کے حق میں دستبردارہونے کا اعلان کیا۔
دونوں رہنماؤں نے ایک ہی گاڑی میں (جس کی ڈرائیونگ سیٹ پر ذوالفقار مرزا اور ان کے برابر میں اسماعیل راہوں بیٹھے ہوئے تھے) شہر میں قائم مختلف کیمپوں کا دورا بھی کیا، بغیر کسی اطلاع کے رات 12 بجے کے بعد نکلنے والے لیڈران کی خبر شہر میں آگ کی طرح پھیل گئی اور شہر کی گلی اور گھروں سے لوگ اور کارکنان جمع ہونا شروع ہوگئے جس کے بعد محمد اسماعیل راہو اور ذوالفقار مرزا کی چھوٹی سی ریلی ایک ریلے میں تبدیل ہوگئی، کینٹ روڈ بدین سے شروع ہونے والی یہ ریلی بدین شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی سول اسپتال بدین کے علاقے میں ختم ہوئی،ریلی میں کارکنان کی جانب سے کیا جانے والا رقص بھی لوگوں کی توجہ کا مرکز بنا رہا، دونوں رہنماؤں نے کارکنان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنے حمایتوں کوآنے والی بلدیاتی الیکشن میں ووٹ دینے کی بھی اپیل کی اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے الیکشن میں دھاندلی کی مکمل تیاری کرلی گئی ہے جس میں سندھ حکومت نے اپنی مشنیری کو بھی اپنے اپنے کاموں پر لگادیاہے، دونوں رہنماؤں نے اپنے اپنے خدشات ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے میںہونے والی خون ریزی سے ثابت ہوگیا کہ پیپلز پارٹی فیئر الیکشن کروانا نہیں چاہتی اس لیئے ضلع بدین میں کسی بھی نا خوش گوار واقعے کو ہونے سے روکنے کے لیئے دورانِ الیکشن فوج یا رینجرس کو تعینات کیا جائے، دوسری جانب شہر کے مختلف وارڈز سے الیکشن لڑنے والے آزاد اُمیدوار نیک محمد بھٹی، کاشف قمبرانی ، سحر جعفری اور دیگر اُمیدواروں کی جانب سے گھر گھر جاکر ورک کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے ، ضلع بدین کے 14 رٹرننگ افسران کی جانب دی جانے والی تفصیل کے مطابق ضلع کی دو میونسپل کمیٹیز10 ٹاؤن کمیٹیز 68 یونین کاؤنسلز اور 272 دیھوں پر 2233 امیدواروں نے نامینیشن فارم جمع کروائے جن میں 96 امیدواروں کے مختلف اسباب کے باعث فارم رد کردیئے گئے جبکہ 495 امیدوار دستبردار ہوگئے، 42 امیدوار بنا مقابلے کامیاب ہوچکے ہیں جس کے بعد اس وقت ضلع 1612 امیدوار رہ گئے ہیں جن کا آپس میں مقابلہ ہوگا۔