بلوچستان (جیوڈیسک) بلوچستان کے علاقے حب میں نامعلوم افراد نے دس سے زائد آئل ٹینکرز کو آگ لگا دی، عملے نے بھاگ کر جانیں بچائیں۔ حب شہر سے پانچ کلومیٹر دور آئل ٹینکرز ہوٹل پر کھڑے تھے کہ نامعلوم افراد نے اچانک فائرنگ کر دی۔ گولیاں لگنے سے ٹینکرز میں آگ بھڑک اٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے شعلے آسمان سے باتیں کرنے لگے۔
آگ اتنی شدید تھی کہ فائربریگیڈ عملے کیلئے بھی قریب جانا ناممکن ہو گیا۔ ٹینکرز کے عملے نے بھاگ کر جانیں بچائیں جبکہ حملہ آور موقع سے فرار ہوگئے۔ آگ نے ہوٹل کے باہر کھڑی دیگر گاڑیوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔ واقعہ کے بعد آر سی ڈی شاہراہ کو ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا جس کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔