لاہور (جیوڈیسک) پاکستان کی بین الاقوامی شہرت یافتہ اداکارہ وماڈل عمائمہ ملک کی بہترین اداکاری سے متاثرہونے والے متعدد فلمسازاداروں نے انھیں اپنی فلموں میں سائن کرنے کی پیشکش کر دی۔
بالی ووڈ کے تین اداروں کی جانب سے عمائمہ ملک کو پاکستان میں اپنے قریبی ذرائع سے اسکرپٹ اورکردار کے بارے آگاہ کر دیا گیا ہے، لیکن تاحال اداکارہ کی طرف سے حتمی جواب سامنے نہیں آیا۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ عمائمہ ملک کو ان فلموں میں اہم کردار آفر کیے گئے ہیں جب کہ ان فلموں کے ذریعے انھیں اپنی رقص اور ایکشن کے شعبے میں صلاحیتیں دکھانے کا بھی بھرپور موقع دیا جائے گا۔
جب اس سلسلہ میں عمائمہ ملک سے رابطہ کیا گیا تو انھوں نے ’’ایکسپریس‘‘ کو بتایا کہ ممبئی میں قیام کے دوران تو بہت سے فلم پروڈیوسر اور ڈائریکٹر ملاقات کے لیے آئے اور ان کی طرف سے بہترین کرداروں کی پیشکش بھی کی گئی تھی لیکن میں نے اس پروفیشن میں آنے سے پہلے ایک بات طے کر لی تھی کہ کبھی بھی کوئی غیرمعیاری کام نہیں کروں گی۔ اسی لیے بہت سی آفرز ہوتی ہیں لیکن ہر پیشکش کو قبول کرنا میرے بس کی بات نہیں، جہاں تک بات بالی وڈ کے معروف فلمساز اداروں کی طرف سے اسکرپٹ بھجوانے کی ہے تویہ بات بالکل درست ہے۔ مجھے حال ہی میں تین فلموں میں اہم کرداروں میں سائن کرنے کے لیے رابطہ کیا گیا ہے۔
ان میں سے ایک فلم کی کہانی اور کردار مجھے بہت پسند آئے ہیں لیکن میں نے ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں لیا۔ میں جلد ہی اس سلسلہ میں اپنے معاملات کو طے کروں گی کیونکہ میں کوئی بھی پروجیکٹ سائن کرنے سے قبل ہی تمام معاملات طے کرتی ہوں تاکہ بعد میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اس لیے فی الحال کوئی فلم سائن نہیں کی، مگر جلد ہی اہم خبر میڈیا کو دوں گی۔ ایک سوال کے جواب میں عمائمہ ملک نے کہا کہ پاکستان میں بھی دو اچھے پروجیکٹ سائن کیے تھے جن کی شوٹنگ معمول کے مطابق جاری ہے۔ میں ایک مرتبہ پھر پاکستانی فلم میں منفرد کردار میں دکھائی دوں گی اور مجھے امید کہ فلم بین میرے کردار اور ایکٹنگ سے لطف اندوز ہوں گے۔