لاہور (جیوڈیسک) پاکستان کی معروف اداکارہ وماڈل عمائمہ ملک کی بالی ووڈ میں نئی فلم ’’ راجا نٹورلال ‘‘ کی پروموشنل مہم کا شیڈول فائنل ہوگیا۔
آئندہ ماہ کے آخرمیں بھارتی ٹی وی چینلز کے ساتھ ساتھ ریڈیوچینلزکے لیے ریکارڈ کیے جانے والے پروگراموں میں بھی حصہ لینگی۔ 29اگست کو نمائش کے لیے پیش کی جانیوالی فلم میں عمائمہ ملک کے مدمقابل بالی وڈاسٹارعمران ہاشمی مرکزی کردارادا کررہے ۔
ہیں جب کہ دیگرکاسٹ میں ورسٹائل پاریش راول، کے کے مینن اوردیپک تجوری شامل ہیں۔ فلم کے ڈائریکٹرکونال دیش مُکھ اورفلمساز رونی سکریو والہ ہیں۔ عمائمہ ملک نے اپنی نئی فلم کی تشہیری مہم کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہ ’’راجا نٹور لال‘‘ کی پوری ٹیم نے تشہیری مہم کو بھرپوراندازسے چلانے کے لیے شیڈول ترتیب دیدیا ہے۔
فلم کو اگست میں نمائش کے لیے پیش کیاجائے گا لیکن ہم اس کی بھارت سمیت برطانیہ، مڈل ایسٹ اور دیگرممالک میں تشہیر کے لیے ہونے والے پروگراموں میں شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ بھارتی چینلز پربھی خصوصی پروگرام ریکارڈ کیے جائیں گے جواس عرصہ کے دوران ٹیلی کاسٹ ہوتے رہیں گے۔
انھوں نے بتایاکہ ہم فلم کی پروموشن کے لیے ممبئی، دہلی، کولکتہ، چینائی سمیت دیگرشہروں کے کالج اوریونیورسٹیوں میں بھی جائینگے۔ اس کے علاوہ بھی بہت سی سرگرمیاں ہیں جو فلم کی تشہیری مہم کا حصہ ہونگی۔ انھوں نے کہا کہ میں گزشتہ دنوں فلم کے آخری سین عکسبند کروانے کے لیے ممبئی میں تھی لیکن اپنی چھوٹی بہن کی شادی کی تیاریوں میں حصہ لینے کے لیے میں تین ہفتے تک یہاں قیام کرونگی اوراس کے بعد فوراً بھارت چلی جاؤں گی۔
ایک سوال کے جواب میں عمائمہ ملک نے بتایا کہ پاکستان سے مجھے نام، شہرت اورایک پہچان ملی۔ بالی ووڈ میں کام کرنے کا قطعی یہ مقصد نہیں ہے کہ میں اب پاکستان میں کام نہیں کرونگی۔ لیکن میں نے پہلے بھی یہاں جو کام کیا ہے وہ بہت معیاری اورمنفرد تھا اورجب بھی مجھے کوئی اچھاپراجیکٹ اپنے ملک میں ملا تو میں اس میں ضرور کام کروں گی۔
جہاں تک بات بالی وڈ میں کام کی ہے تو پہلی دو فلموں میں مرکزی کرداروں کے بعد بالی ووڈ کے ایک بڑے معروف فلم میکرادارے کی جانب سے مجھے نئی فلم میں کام کرنے کی پیشکش کی گئی ہے جس کے لیے ان سے ملاقات کے بعد اس پراجیکٹ کوحتمی شکل دوں گی۔ اس لیے جون کے آخر میں جب ممبئی جاؤں گی تواچھی خبریں سامنے آئیں گی جومیری کامیابیوں میں بہترین اضافہ بھی ثابت ہوں گے۔