جنیوا (اصل میڈیا ڈیسک) اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے فلسطینی علاقوں اور اسرائیل میں منظم زیادتیوں کی کھلی تحقیقات کا فیصلہ کرلیا۔
او آئی سی کی جانب سے قرارداد پاکستان نے پیش کی جہاں 47 رکنی کونسل میں قرارداد 24 ووٹوں سے منظور کی گئی۔
قرارداد کے تحت مشرق وسطیٰ میں عشروں سے جاری تنازع کی بنیادی وجوہات بھی سامنے لائی جائیں گی۔
دوسری جانب اسی معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کل ہیومن رائٹس کونسل کے اجلاس میں اوآئی سی کو کامیابی ہوئی ہے، اوآئی سی میں پاکستان نے قراداد پیش کی جو ایک غیر معمولی کامیابی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے تحقیقات میں تعاون نہ کرنے کا اعلان کیا ہے تو وہ بے نقاب ہورہے ہیں، نیتن یاہو کے بیان سے لگتا ہے وہ خوف میں مبتلا ہیں، فلسطین میں مظالم کی تحقیقات ہوتی ہے تونیتن یاہو بے نقاب ہو جائیں گے۔