برسلز (پ۔ر) انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر کشمیر کونسل یورپ (ای یو) کے زیراہتمام یورپی ہیڈکوارٹر برسلز میں ایک تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب سے کشمیرانفو کے چیئرمین میر شاہ جہاں، ورلڈ کشمیر ڈائس پورہ الائنس یورپ کے صدر چوہدری خالد جوشی، سینئرکشمیری رہنماء سردار صدیق، برسلز پارلیمنٹ کے رکن ڈاکٹرظہور منظور، کشمیری رہنما راجہ خالد، برسلز کے پاکستانی نژاد مقامی کونسلر عامر نعیم سنی اور سماجی شخصیت سلیم میمن نے خطاب کیا۔
مقررین نے کہا کہ عالمی برادری خاموش تماشائی رہنے کے بجائے بھارت کو مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے روکے۔
انھوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں اقوام متحدہ کی حالیہ رپورٹ پر عمل درآمد ہونا چاہیے۔
چوہدری خالد جوشی نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں میں ملوث افراد کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کی راہ ہموار کی جائے۔
یادرہے کہ اس سال جون میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سابقہ ہائی کمشنر زید رعد الحسین نے اپنی رپورٹ میں مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی بین الاقوامی تحقیقات کے لیے ایک انکواری کمیشن بنانے کی تجویز پیش کی تھی۔
میرشاجہان نے کہاکہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی بین الاقوامی تحقیقات جموں و کشمیرکے لوگوں کا دیرینہ مطالبہ ہے اور اس پر بلاتاخیر عمل درآمد ہونا چاہیے۔
ڈاکٹرظہور منظور نے کشمیریوں کی شمولیت سے بامقصد مذاکرات کے ذریعے مسئلہ کشمیرکے سیاسی حل کی ضرورت پر زور دیا۔ انھوں نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور کشمیریوں پر مظالم کے خلاف آواز اٹھانے پر کشمیرکونسل ای یو کی تعریف کی۔
عامرنعیم سنی نے کہاکہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں مظالم پر بے بس ہے۔ بھارت کشمیریوں پر بربریت اور ظلم کی انتہا کررہا ہے لیکن دنیا میں بھارت کے خلاف کوئی بولنے والا کوئی نہیں۔
راجہ خالد نے کہا کہ اقوام متحدہ بھارت پر دباو ڈالے تاکہ وہ کشمیریوں پر ظلم و ستم بند کرے اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دے۔
سلیمن میمن نے کہاکہ دنیا کو ہرگز کشمیر کو فراموش نہیں کرنا چاہیے۔
مقررین نے علی رضا سید کی قیادت کشمیر کونسل ای یو کی مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے جاری کوششوں کو قابل ستائش قرار دیا۔
انھوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی حالیہ رپورٹ کی روشنی میں مقبوضہ کشمیرمیں مداخلت کرے، وہاں مظالم روکوائے اور مسئلہ کشمیرکے پرامن حل کے لیے اپنا موثر کردار ادا کرے۔