انسانیت کی خدمت اور ایثار کے اعتراف میں شاہ سلمان کے لیے’ابو بکر صدیق’ ایوارڈ

Shah Salman bin Abdul Aziz

Shah Salman bin Abdul Aziz

الریاض (اصل میڈیا ڈیسک) خطے اور علاقائی سطح پر قائدانہ کردار ادا کرنے، انسانیت کے لیے غیر معمولی خدمات اور پندرہ برس میں 2019ء کے آخر تک انسانی بہبود کے جذبے کے تحت 40 ارب ڈالر کی خطیر رقم عطیہ کرنے پر ہلال احمر اور عالمی ریڈ کراس کی طرف سے خادم الحرمین الشریفین کو ‘ابو بکر صدیق’ ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔

عرب ہلال احمر اور ریڈ کراس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر صالح بن حمد التویجوی نے تنظیم کے کئی دیگر ارکان کے ہمراہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے الریاض میں ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر التویجری نے شاہ سلمان کے لیے تیار کردہ ‘ابو بکر صدیق’ ایوارڈ انہیں عطا کیا۔

اُنہوں نے سعودی عرب کی طرف سے قدرتی آفات اور دیگر بحرانوں کا شکار ہونے والے انسانوں کی دل کھول کرمدد کرنے اور ان کی بہبود و بحالی میں غیرمعمولی خدمات انجام دینے پر شاہ سلمان کی تعریف اور الریاض حکومت کی مساعی کا شکریہ ادا کیا۔

التویجری نے کہا کہ ‘سعودی عرب نے ثابت کیا ہے کہ انسانیت کے لیے مدد کرنے والے ممالک میں کوئی ملک اس کا ہم پلہ نہیں۔ گذشتہ پندرہ برسوں کے دوران انسانی بہبود کے لیے دیئے گئے عطیات اور امدادی رقوم کا حجم 40 ارب ڈالر سے تجاوز کرچکا ہے۔انسانی بہبود کے لیے سعودی عرب سے بڑھ کر کسی دوسرے ملک کی طرف سے مدد فراہم نہیں کی گئی۔ یہ سعودی عرب ہےجس کی طرف سے تمام براعظموں کے 124 ممالک میں انسانی امداد پہنچائی گئی۔

عرب ہلال احمر اور ریڈ کراس کے ڈائریکٹر نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے جذبہ ایثار کو غیرمعمولی طور پرسراہا اور کہا کہ ان کی ذاتی دلچسپی اور کوششوں سے کئی ممالک میں ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے اور علاقائی اور عالمی سطح پر بے شمار لوگوں کو ان سے فائدہ پہنچا۔

انہوں نےانسانیت کے لیے سفارت کاری، اختلافی مسائل اور تنازعات کے حل کے لیے مکالمے کی پالیسی، رواداری کی حمایت، دہشت گردی اور انتہا پسندی کے روک تھام کے لیے اقدامات، عالمی امن وسلامتی کی مساعی اور انسانوں کے معیار زندگی بہتر بنانے میں مالی تعاون پر سعودی عرب کی خدمات کو سراہا۔