انسانی خدمت میں اعلی وارفع پیشہ

Doctor

Doctor

تحریر : محمد مظہر رشید چودھری

ڈاکٹری ایک ایسا پیشہ ہے جس میں انسانیت کی خدمت کو اولین ترجیح دی جاتی ہے ، ڈاکٹر اور مریض کے مابین ایک اعلیٰ اور ارفع رشتہ ہونا انتہائی ضروری امر ہے اس لئے زمانہ قدیم سے معالجین کے لئے اخلاقیات کو لازمی قرار دیا گیا ،اعلی اخلاق کامیابی کی کنجی ہے اس سے کسی بھی انسان کے دل میں آپ اپنی جگہ بنا سکتے ہیں، مگر یہ تب ہی ممکن ہے جب سچے دل اور پوری سچائی کے ساتھ بنا لالچ کے اس پر عمل کیا جائے، ڈاکٹر ی کا پیشہ اختیار کرنے والوں کی پہلی تربیت ہی اخلاقیات کے اُصولوں پر عمل پیرا ہونے سے کی جاتی ہے گزشتہ چندماہ کے دوران سرکاری وپرائیویٹ ہسپتالوں میں مریضوں کی موت کے واقعات نے معاشرے کے ہر فردکو ہلا کے رکھ دیا ہے پرائیویٹ اور سرکاری ہسپتالوں میں انتظامی انحطاط اور انتشار کی خبریں میڈیا کا موضوع بنتی رہتی ہیں مریضوں اور عوام کواکثر شکایت رہتی ہے کہ ڈاکٹر وں میں احتساب کو ڈر نہیں رہا ،ہسپتال کے تقریباً ہر سپیشلسٹ اور میڈیکل افسر نے اپنے پرائیویٹ ہسپتال کھول رکھے ہیں جہاں ہزاروں روپے فیس وصول کی جاتی ہے غریب بندہ سرکاری ہسپتالوں میں علاج اور ادویات کے لئے بُری طرح رُل جاتا ہے۔

جبکہ ڈاکٹروں کا ہمیشہ یہ ہی موقف ہوتا ہے کہ زندگی دینے والی ذات صرف اللہ کی ہے ہمارا کام بہتر علاج کرنا ہے مانا کہ ڈاکٹروں کی اکثریت ملک کی خدمت کر رہی ہے لیکن یہ بھی ماننا ہوگا کہ مٹھی بھر ڈاکٹر مافیا نے اس مقدس پیشہ کو یرغمال بنانے کی کوشش کی ہوئی ہے وقت پر ڈیوٹی پر موجود نہ ہونا ،مریضوں سے بداخلاقی سے پیش آنا اور آئے روز اپنے حق کے لئے ہڑتالیں کر کے مریضوں کو دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور کرنا اس سلسلے کی روک تھا م کے لئے پاکستان میڈیکل اور ڈینٹل کونسل اور یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، سانچ کے قارئین کرام !گزشتہ روز پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن اوکاڑہ کے نومنتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری پی ایم اے ہائوس میں منعقد ہوئی جس میں راقم کو خصوصی دعوت نامہ نو منتخب صدر پی ایم اے اوکاڑہ ڈاکٹر افتخار امجد نے اس تاکید کے ساتھ دیا کہ آپ نے ضرور شرکت کرنی ہے ،تقریب حلف برداری کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر اطلاعات وثقافت پیر سید صمصام علی شاہ بخاری جبکہ مہمان اعزاز میں ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ساہیوال ڈویژن صادق سلیم کمبوہ، پی ایم اے پنجاب کے صدر ڈاکٹر مسعود السید ، ڈاکٹر اشرف نظامی، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر عبدالمجید تھے۔

جبکہ تقریب میں ضلع بھر کے ڈاکٹروں سمیت سیاسی سماجی مذہبی وکلاء صحافیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ،صوبائی وزیر اطلاعات پیر سید صمصام علی شاہ بخاری نے پی ایم اے اوکاڑہ کے نو منتخب صدر ڈاکٹر افتخار امجد،جنرل سیکرٹری ڈاکٹر شکیل انجم رامے و دیگر عہدیداران سے حلف لیا ، پی ایم اے اوکاڑہ کے نو منتخب صدر ڈاکٹر افتخار امجد، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ساہیوال ڈویژن صادق سلیم کمبوہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ میں ہے ، ڈاکٹر اپنے پیشے کے ساتھ انصاف کرتے ہوئے مریضوں کے ساتھ انتہائی خوش اسلوبی سے اپنے فرائض سر انجام دینے کی کوشش کرتے ہیں ،صحت واحد شعبہ ہے جس میں صرف لوگوں کی خدمت کی جاتی ہے اس لیے ہمیں ڈاکٹر ز کو تنقید کا نشانہ بنانا بند کرنا ہو گا میڈیا حقائق پر مبنی مثبت رپورٹنگ کرتے ہوئے صحت کے شعبہ سے وابستہ افراد کی حوصلہ افزائی کرے ڈاکٹر افتخار امجد نے کہا کہ ڈاکٹروںکے حقوق کا مکمل تحفظ کروں گا۔

ہسپتالوں کی ایمرجنسی میں ڈاکٹروں کی سیکورٹی کو حکومت یقینی بنائے تاکہ وہ بلا خوف خطر مریضوں کا علاج کر سکیں قرآن مجید میں ہے کہ جس نے ایک شخص کی زندگی بچائی اس نے کُل کائنات کی زندگی بچائی، ڈاکٹر سب مریضوں کو ایک نظر سے دیکھتے ہیں امیر وغریب کا تصور اس شعبہ میں کہیں نہ ہے ،عوام کے ساتھ ڈاکٹروں کے بھی مسائل ہوتے ہیں،معاشرے میں ہر فرد ہر کسی سے خوش نہیں جبکہ ہمارے شعبہ میں بھی کہا جا سکتا ہے کہ یہ مثال دی جاسکتی ہے کہ پانچوں انگلیاں برابر نہیں ،ساہیوال میں بچوں کی اموات کا سبب اے سی خراب ہونا نہیں تھا ، اموات کی تعداد مختلف چینلز پر زیادہ سے زیادہ چلنے کی خبروں سے سنسنی پھیلی جس سے پاکستان کی باہر کی دنیا میں جگ ہنسائی ہوئی میڈیا خبریں بھجوانے سے پہلے تصدیق کر لے تا کہ کوئی ایشو نہ بنے،صوبائی وزیر پیر سید صمصام علی شاہ بخاری نے کہا کہ حکومت ہر وقت عوام کی بہتری کیلئے کام کر رہی ہے جو ہماری ذمہ داری ہے اسکو احسن انداز میں ادا کرنے کی کوشش میںہیں ،معاشرے کا ہر فرد خود کو معتبر سمجھتا ہے ،منافقت کو چھوڑ کر ہر شخص کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا ہو گا ،عوام کو ڈاکٹر وں سے بے حسی کی شکایات بھی عام ہیں جنکو دور کرنے کے لئے پی ایم اے کے عہدیداران اورسینئر ڈاکٹروں کو مناسب اقدامات کرنا ہونگے ، پنجاب گورنمنٹ نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ہیلتھ کے لئے بہت کچھ رکھا ہے۔

ماضی کی حکومتوں سے بہت بہتر بجٹ ترتیب دیا گیا ہے ،ہیلتھ کارڈ جاری کر رہے ہیں جس سے غریب آدمی اپنا فری علاج کروا سکتا ہے دوسرا بڑا مسئلہ زچہ بچہ کی بڑھتی ہوئی اموات ہیں ان کی روک تھام کے لیے کام ہو رہاہے، بہت جلد اوکاڑہ میں تمام تر سہولیات سے آراستہ جدید ہسپتال قائم کیا جائے گا ڈسٹرکٹ ہسپتال میں ڈاکٹروں اور عملے کی کمی سمیت سیکورٹی اور دیگر مسائل کے حل کے لیے صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد سے ملاقات کرکے مسائل تمام جلد حل کیے جائیں گے کیونکہ ڈاکٹر مسیحائی پیشہ ہے ان کے مسائل حل کرنا ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے۔ پوری دنیا میں پھر ا ہوں سب سے زیادہ میڈیا ہاؤس پاکستان میں ہیںپوری قوم کو ذمہ دار بننا ہے اعتراض اور تنقید بہت آسان ہے انہوں نے تقریب کے اختتام پر تمام نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کی۔بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر پیر سید صمصام علی شاہ بخاری نے کہا کہ پیپلز پارٹی جو کہہ رہی ہے وہ اُن کی پالیسی ہے ، بلاول اور مریم کی ملاقات نے کارکنوں کو بتا دیا کہ اُنکی کیا اہمیت ہے، زرداری صاحب نے جن مقدمات کا سامنا کیا وہ نواز دور کے بنے ہوئے تھے ،اب جنگ نوازشریف کے دوبارہ الیکشن کی نہیں ہے شہباز شریف کی باڈی لینگویج میں سب نظر آتا ہے ،مریم اور شہباز شریف کا بیانیہ الگ الگ ہے ، نواز شریف کی رہائی کی باتوں کے پیچھے تخت کی جنگ ہے جنوبی پنجاب صوبہ بنے گا ، بجٹ میں فنڈز جنوبی پنجاب کے لئے ماضی سے کہیں زیادہ مختص کئے گئے ہیں سی ایم پنجاب کہیں نہیں جا رہے اس سوال پر کہ صمصام بخاری آپ آنے والے سی ایم پنجاب ہیں ؟سید صمصام بخاری نے جواب میں کہا لا حول و لا قوة الا باللہ ٭

MUHAMMAD MAZHAR RASHEED

MUHAMMAD MAZHAR RASHEED

تحریر : محمد مظہر رشید چودھری
03336963372