دکھی انسانیت کی خدمت ہی افضل ترین عبادت ہے۔ پیر سیف اللہ خالد گیلانی

Sialkot

Sialkot

سیالکوٹ : پاکستان مشائخ و علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین پیر سید سیف اللہ خالد گیلانی القادری نے کہا ہے کہ دکھی انسانیت کی خدمت ہی افضل ترین عبادت اور اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ روزہ محض بھوک پیاس کا نام نہیں بلکہ یہ دوسروں کی دکھ تکالیف کو محسوس کرنے کا ذریعہ ہے۔

عید الفطر امت مسلمہ کے اتحاد و یکجہتی کی علامت اور خوشی و مسرت کے اظہار کا دن ہے۔ عید کی حقیقی خوشیاں تب ہی حاصل کی جا سکتی ہیں جب ہم ایک دوسرے کا دکھ درد بانٹیں گے۔حکومت کے ساتھ ساتھ مخیر حضرات پر بھی یہ بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ غریب عوام کی دل کھول کر امداد کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پاکستان مشائخ وعلماء ویلفیئر فائونڈیشن کے زیراہتمام غریب ،مفلس اور بیوائوں میں فری رمضان پیکج تقسیم کرنے کی تقریب سے صدارتی خطاب میں کیا۔اس موقع پر مرکزی سیکرٹری اطلاعات و نشریات ملک مظہر حسین اعوان ،ڈویژنل چیف آرگنائزر حاجی محمد آصف نذیر ہاشمی ،صوفی محمد عارف بٹ نقشبندی ،جنرل سیکرٹری صاحبزادہ محمد عاصم حبیب ، ملک محمد طارق اعوان ، حاجی ریاض احمد نمبردار ،صاحبزادہ سید عاصم گیلانی و دیگر معززین علاقہ بھی موجود تھے ۔پیر سیف اللہ خالد گیلانی نے کہا کہ ماہ صیام ہمیں ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک ہونے کا درس دیتا ہے اور رمضان اللہ رب العزت کا خاص انعام ہے۔

روزہ طہارت و پاکیزگی کے ساتھ ساتھ روحانی بلیدگی حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عید الفطر کا فطرانہ 100روپیہ فی کس ہے جو جلد ازجلد ادا کردینا چاہیے تاکہ غریب و نادار لوگ بھی عید کی خوشیوں میں شریک ہوسکیں۔تقریب سے علامہ مفتی خادم حسین خادم القادری،قاری محمد ابوبکر نعیمی،حافظ محمد علی حسن قادری، حافظ محمد اشفاق و دیگر نے بھی خطاب کیا۔