حوثی باغیوں نے پناہ گزین کیمپ پر قیامت ڈھا دی، درجنوں شہری ہلاک اور زخمی

Refugee Camp

Refugee Camp

یمن (جیوڈیسک) یمن میں ایران نواز حوثی ملیشیا نے الحدیدہ گورنری کے نواحی علاقے الخوخہ میں قائم بنی جابر پناہ گزین کیمپ کے مکینوں پر وحشیانہ گولہ باری کردی جس کے نتیجے میں کیمپ میں‌ موجود درجنوں افراد کے جاں بحق اور زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق الخوخہ کے مقام پر قائم بنی جابر کیمپ سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے قائم کردہ شاہ سلمان ریلیف مرکز کے زیراہتمام قائم کیا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق جمعہ کو حوثی باغیوں‌ نے وحشیانہ جنگی جرم کا ارتکاب کرتے ہوئے کیمپ کے مکینوں پر توپ خانے سے گولہ باری کی جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر عام شہریوں کا نقصان ہوا ہے۔

انسانی حقوق کی تنظیموں، یمن کی حکومت اور شاہ سلمان ریلیف مرکز کی طرف سے اس مجرمانہ اور سنگ دلانہ کارروائی کی شدید مذمت کی گئی ہے۔

شاہ سلمان ریلیف سینٹر کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بنی جابرکیمپ میں نہتے شہریوں پر گولہ باری اور بے گناہ شہریوں کا قتل عام سنگین جرم اور وحشیانہ فعل ہے جس کی جتنی مذمت کی کم ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب حوثی باغیوں نے نہتے شہریوں کو قیامت برپا کی ہے بلکہ اس طرح کے واقعات روز کامعمول بن چکے ہیں۔ اس طرح کی کارروائیوں کا مقصد جنگ سے متاثرہ شہریوں کی امدادی سرگرمیوں میں رکاوٹیں کھڑی کرنا ہے۔