پیرس (جیوڈیسک) غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ اور فرانس کو ملانے والی زیرِ آب سرنگ میں گُھسنے کی کوشش میں ایک شخص ہلاک ہو گیا ہے۔
یہ شخص منگل کی رات اس وقت ہلاک ہوا جب تقریباً 1500 غیر قانونی تارکینِ وطن نے فرانس کے شہر کیلے سے چینل ٹنل میں گھسنے کی کوشش کی۔ ہلا ہونے والے اس غیر قانونی تارک وطن کا تعلق سوڈان سے تھا اور وہ ایک گاڑی کی ٹکر سے مارا گیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق رواں ماہ کے آغاز سے اب تک تقریبا تین ہزار لوگوں نے اس سرنگ کے ذریعے برطانیہ میں گھسنے کی کوشش کی جس سے کئی افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
یہ غیر قانونی تارکین وطن گاڑیوں کے ذریعے چھپ چھپا کر برطانیہ پہنچنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں جس میں ان دونوں خاصی تیزی دیکھی گئی ہے۔ حالیہ کچھ عرصے میں یورو ٹنل کے ذریعے کارگو اور مسافروں کی ٹریفک متعدد مرتبہ معطل ہو چکی ہے کیونکہ اس کی وجہ یہ ہے کہ کَیلے کے علاقے میں سینکڑوں مہاجرین کیمپ لگائے بیٹھے ہیں۔