ہنگری کا غیر قانونی تارکین وطن کو ملک سے نکال دینے کا اعلان

Migrants

Migrants

بوڈا پیسٹ (جیوڈیسک) ہنگری نے سربیا سے منسلک سرحد کو عبور کر کے داخل ہونے والے تارکین وطن کو چند دنوں میں ملک سے نکال دینے کا اعلان کردیا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق یورپی ملک ہنگری نے شام ، عراق اور شورش زدہ افریقی ممالک سے یورپ میں داخل ہونے والے تارکین وطن کا داخلہ روکنے کے لئے سربیا کے ساتھ اپنی سرحد پر خار دار باڑھ لگادی ہے۔ اس کے علاوہ حکومت نے پناہ کے متلاشی افراد کے خلاف کارروائی کے لیے سخت قوانین بھی منظور کئے ہیں ۔ جس کے تحت مقامی پولیس خاردار تار کو غیر قانونی طورپرعبور کرنے والے کسی بھی شخص کو گرفتارکرسکتی ہے۔

ہنگری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جو مہاجرین سربیا سے منسلک سرحد کو عبور کر کے ملک میں داخل ہو رہے ہیں، ان کو محض چند دنوں کے اندر ملک سے نکال دیا جائے گا۔ نئے قوانین کے نفاذ سے جہاں ملک میں ’’نئے دور کا آغاز‘‘ ہوگا وہیں غیر قانونی تارکین وطن کی آمد میں کمی ہوگی۔ ادھر تارکینِ وطن کی بڑی تعداد سے نمٹنے کے لیے آسٹریا، سلوواکیا اور ہالینڈ نے بھی اپنی سرحدوں پر پابندیوں کو سخت کرنے کا اعلان کیا ہے۔

دوسری جانب یورپی یونین کے وزرا تفویض شدہ کوٹے کے تحت ایک لاکھ 20 ہزار سے زائد تارکینِ وطن کی آباد کاری کے لیے ایک مشترکہ منصوبے پر اتفاقِ رائے پیدا کرنے میں ناکام ہو گئے ہیں تاہم یورپی یونین نے امید ظاہر کی ہے کہ تارکینِ وطن کی آباد کاری کے لیے یورپی کمیشن کے سربراہ کی تجاویز 8 اکتوبر کے اجلاس میں قانون کی شکل اختیار کر لیں گی۔