سمندری طوفان نیلوفر، سندھ کے ساحلوں پر دفعہ 144 نافذ

Nilofar Cyclone

Nilofar Cyclone

کراچی (جیوڈیسک) حکومت سندھ نے کراچی، ٹھٹھہ، سجاول اور بدین کے ساحل پر دفعہ 144 نافذ کر دی۔ دوسری جانب گوادر سمیت بلوچستان کے دیگر ساحلی علاقوں میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا۔

سمندری طوفان نیلوفر کے پیش نظر سندھ اور بلوچستان میں حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

سندھ کے ساحلوں پر دفعہ 144نافذ کردی گئی ہے۔ جو 2نومبرتک برقرار رہے گی، جس کی وجہ سے ان ساحلوں پر عوام کے جا نے پر پابندی ہوگی جبکہ کراچی کے اسپتالوں میں ڈاکٹرز اور عملہ ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

بلوچستان میں بھی ساحلی علاقوں کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر گوادر نے گوادر، پسنی، جیوانی، اورماڈہ میں ماہی گیروں کو کھلے سمندروں میں جانے سے روک دیا ہے اور ساحلی علاقوں میں رہنے والوں کو بھی محتاط رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ تمام ضلعی آفسران کی چھٹیاں بھی منسوخ کردی گئی ہیں۔