کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان تاؤتے سے پاکستان کی ساحلی پٹی کو کوئی خطرہ نہیں۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز نے کہا کہ سمندری طوفان تاؤتے سے ہماری ساحلی پٹی کو کوئی خطرہ نہیں، طوفان کا رخ بھارتی گجرات کی طرف ہے اور یہ کراچی سے 800 کلو میٹر دور نکل چکا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کراچی میں طوفان کے اثرات کی وجہ سے گزشتہ روز موسم گرم رہا ہے اور آج بھی شہر کا موسم شدید گرم رہنے امکان ہے جس کے باعث درجہ حرارت 43 سے 44 ڈگری تک رہنے کی توقع ہے۔
سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ سمندری طوفان کراچی سے دور نکلتا جارہا ہے اس لیے شہر میں بارش کا کوئی امکان نہیں البتہ تھرپارکر، میرپور خاص، بدین، ٹھٹھہ اور عمر کوٹ میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جہاں تھرپارکر میں تیز بارش متوقع ہے جب کہ اس دوران 40 سے 60 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات کا بتانا ہےکہ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 25 فیصد ہے اور شمال مشرق سے گرم اور خشک ہوائیں چل رہی ہیں۔